راولپنڈی ٹیسٹ کا تیسرا دن بھی بارش اور خراب روشنی کی نذر


 راولپنڈی: 

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل بھی بارش اور خراب روشنی کی نذر ہوگیا۔

راولپنڈی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ کھیلا جارہا ہے تاہم خراب روشنی اور موسم کے باعث میچ کا تیسرا روز بھی ضائع ہوگیا، تیسرے دن کا کھیل آوٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے مقررہ وقت پر شروع نہ ہوسکا، امپائرز نے 10:30 بجے پچ اور گراؤنڈ کا معائنہ کیا اور کھانے کے وقفہ کے بعد میچ شروع کیا گیا۔

جب تیسرے دن کا کھیل شروع ہوا تو ایک بار پھر خراب روشنی کے باعث امپائرز نے میچ روک دیا جب کہ پورے دن میں صرف 5 اوورز اور 2 گیندیں ہی کرائی جاسکیں، سری لنکن ٹیم نے میچ کے تیسرے دن 19 رنز بنائے اور اس کا اسکور 2 وکٹوں کے نقصان پر 286 ہے تاہم موسم کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اب میچ ڈرا ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے دن کا کھیل بھی کم روشنی اور خراب موسم کے باعث وقت سے پہلے ہی ختم کردیا گیا تھا جب کہ دوسرے دن کھیل کا آغاز تاخیر سے ہوا، پھر بارش کی وجہ سے میچ روکنا پڑا جب کہ پورے دن میں صرف 18 اوورز ہی کرائے گئے۔

پہلے دن سری لنکن ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے تھے جب کہ گزشتہ روز کھیل کے دوسرے دن آئی لینڈرز نے 263 رنز بنائے تھے اور اس کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔


اپنا تبصرہ لکھیں