شیخ فیملی واقعی فلمی فیملی ہے،یاسرحسین


اداکاریاسرحسین کو اداکاری کے علاوہ بھی خبروں میں رہنے کا فن خوب آتا ہے۔ انسٹا پر ان کی پوسٹس ہوں ، سوالات کے چلبلے جوابات یا ساتھی اداکاروں کے حوالے سے بیانات، یاسر کا اسٹائل ذرا ہٹ کر ہی ہوتا ہے۔

اب انہوں نے پاکستان شوبزانڈسٹری کے سینئراداکار جاوید شیخ کی صاحبزادی مومل شیخ کے ساتھ ایک ویڈیو بنائی ہے جس کی خاص بات گانے کا انتخاب ہے۔ یاسر اور مومل “دل ہوگیا ہے تیرا دیوانہ ” پر ڈانس کر رہے ہیں۔

انسٹا پراپنی پوسٹ میں ویڈیو شیئرکرتے ہوئے اداکار نے لکھا، جاوید شیخ صاحب کے مشہور گانے “دل ہو گیا ہے تیرا دیوانہ ” پر مومل شیخ کے ساتھ ڈانس کرکے اندازہ ہوا کہ شیخ فیملی واقعی فلمی فیملی ہے۔

یاسر نے شیخ فیملی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ” جس قسم کی موسیقی اور فلمیں انہوں نے بنائیں اور جیسا کام یہ کر رہے ہیں ، وہ ہماری چائے کی طرح فنٹاسٹک ہے، گرم اور تازہ دم “۔

گانا سال 1995 میں ریلیز ہونے والی لالی ووڈ فلم “مشکل ” کا ہے جسے جاوید شیخ اورساتھی اداکارہ نیلی پرفلمایا گیا تھا۔ فلم کی کہانی سید نور نے لکھی تھی جبکہ اسے ڈائریکٹ خود جاوید شیخ نے کیا تھا۔

دل ہو گیا ہے تیرا دیوانہ اس فلم کا مقبول ترین گانا تھا جسے اس دور میں بےحد سنا گیا۔ اسے معروف فلمی شاعر مسرورانورنے لکھا تھا، امجد بوبی نے موسیقی ترتیب دی جبکہ تحسین جاوید نے یہ گانا گایا تھا۔

جاوید شیخ کے علاوہ ان کے بھائی سلیم شیخ کا تعلق بھی فلم انڈسٹری سے ہے، جبکہ جاوید شیخ کی بہن سفینہ کے خاوند معروف اداکار بہروز سبزواری ہیں۔ جاوید شیخ کی اہلیہ شو بز میں کام کرچکی ہیں تو ان کے دونوں بچے شہزاد شیخ اور مومل بھی اداکاری کے شعبے سے وابستہ ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں