اسلام آباد کی انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں دو طلبہ تنظیموں میں تصادم کے واقعے کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور 16 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
گزشتہ روز اسلام آباد کی انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں 2 طلبہ تنظیموں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک طالب علم جاں بحق اور 15زخمی ہو گئے تھے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ مذکورہ واقعے کی ایف آئی آر درج کرتے ہوئے 16 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق تمام طلبہ کو گھر بھیج کریونیورسٹی کے ہاسٹلز کو کلیئر کر دیا گیا ہے اور یونیورسٹی 3 روز کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
’جاں بحق طالبعلم کے قتل کی تحقیقات ہونی چاہیئں کہ کون ذمہ دار ہے‘
دوسری جانب سرائیکی اسوڈنٹس کونسل اسلامک یونیورسٹی کے چیئرمین علی عمار نقی نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا ہے کہ ساڑھے 5 بجے یونیورسٹی میں جمعیت کے کارکنوں نے مجھ پرحملہ کیا، میرا سر اور چہرہ زخمی ہوا، دو ساتھی مجھے پمز اسپتال لے کر گئے۔
علی عمار نقی نے مزید بتایا کہ ابتدائی علاج کے بعد پمز اسپتال سے نجی اسپتال آگیا،مجھے نہیں پتا کب کیا واقعہ ہوا، مگر جاں بحق طالبعلم کے قتل کی تحقیقات ہونی چاہئیں کہ کون ذمہ دار ہے۔