نیو یارک: اقوام متحدہ کے اجلاس میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت اور شہریت کے متنازع بل پر شدید تنقید کی ہے۔
اجلاس کے دوران پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ بھارت خطے میں امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت آر ایس ایس کے نظریے کو فروغ دے رہی ہے، آر ایس ایس نظرے کی حامل حکومت نے دھونس، تشدد اور تعصب سے تمام ریاستی مشینری پر قبضہ کر رکھا ہے۔
منیر اکرم نے کہا کہ بھارت میں فسطائی نظام رائج کر کے مسلم شناخت اور ورثے کو مٹایا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل بھارتی پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں میں وزیرِ داخلہ امیت شاہ کی جانب سے ایک بل پیش کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستان، بنگلا دیش اور افغانستان سے بھارت جانے والے غیر مسلموں کو شہریت دی جائے گی لیکن مسلمانوں کو نہیں۔
تارکینِ وطن کی شہریت سے متعلق اس متنازع ترمیمی بل کو ایوان میں منظور کر لیا گیا تھا جس کے بعد ایوان بالا میں بھی اس متنازع بل کو کثرت رائے سے منظور کیا جا چکا ہے۔
علاوہ ازیں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت پر منیر اکرم نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی اقدامات دراصل ہندو تنگ نظری اور منظم اسلام دشمنی کا نتیجہ ہیں، وہاں بڑے پیمانے پر خونریزی اور نسل کشی کا خطرہ ہے۔