کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہونے والی بوندا باندی کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔
گلستان جوہر، صدر، شارع فیصل، محمودآباد، ڈیفنس اور اختر کالونی سمیت مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہوئی ہے جب کہ کچھ علاقوں میں اب بھی وقفے وقفے سے ہلکی پھوار کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
ٹریفک پولیس نے سڑکوں پر پھسلن کےسبب موٹر سائیکل سواروں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
خیال رہے کہ کراچی میں سردی کی شدت 10 دسمبر کے بعد سے بڑھنےکی پیشگوئی کی گئی تھی تاہم آج بعض مقامات پر بوندا باندی کے بعد شہریوں نے سردی سے بچاؤ کے انتظامات شروع کر دیئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، قلات اور زیارت سمیت ملحقہ علاقوں میں موسم شدید سرد ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں میں بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد و خشک رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب پنجاب میں بھی ٹھنڈی ہواؤں سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
لاہور، اوکاڑہ، ساہیوال اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کا راج ہے جس کے باعث لاہور سے پنڈی بھٹیاں تک موٹروے کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
قومی شاہراہ پر حد نگاہ 50 میٹر رہ گئی ہے جس کے سبب ڈرائیورز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوگ لائٹس کا استعمال کریں جب کہ فیصل آباد شہر اور گردونواح میں بھی شدید دھند ہے اور حد نگاہ 400 میٹر رہ گئی ہے۔