فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں سمندری طوفان کموری نے ہر طرف تباہی مچا دی اور مختلف حادثات میں اب تک 17 افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔
گزشتہ روز سمندری طوفان کموری فلپائن کے جنوب مشرق میں واقع سب سے زیادہ آبادی والے جزیرے لوزون سے ٹکرایا تھا جس نے بڑے پیمانے پر تباہی مچاتے ہوئے نظام زندگی درہم برہم کر کے رکھ دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سمندری طوفان کموری کے باعث مخلتف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 17 ہو گئی ہے جب کہ متعدد گھر تباہ، ہزاروں افراد لاپتہ و بے گھر، اور 15 ملین ڈالرز کا نقصان ہو چکا ہے۔
ترجمان ڈیزاسٹر ایجنسی مارک ٹمبل کے مطابق طوفان کے خطرے کے باعث تقریباً 3 لاکھ 45 ہزار افراد حفاظتی مراکز میں موجود ہیں جو اپنے گھر واپسی کے لیے حکام کی منظوری کے منتظر ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے، متاثرہ علاقوں میں فوج اور ریسکیو اہلکار وں سمیت متعدد رضاکار حصہ لے رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق طوفان کموری فلپائن سے ٹکرانے والا اس سال کا 20 واں طوفان ہے جب کہ زمین سے ٹکرانے کے بعد اکثر طوفانوں کی شدت کم ہو جاتی ہے تاہم اس طوفان کی شدت اب بھی برقرار ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کموری طوفان کی شدت کم ہونے میں ابھی کچھ وقت لگے گا۔
دوسری جانب منیلا میں ہونے والی جنوب مشرقی ایشین گیمز 2019 کا شیڈول بھی سمندری طوفان کے باعث دوبارہ ترتیب دیا جائے گا۔