رائے پور: انڈین بارڈر فورس کے اہلکار نے اپنے ساتھی اہلکاروں پر گولیاں برسا دیں جس کے نتیجے میں 5 اہلکار ہلاک اور دو شدید زخمی ہوگئے، بعد ازاں اہلکار نے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں انڈین بارڈر فورس کے کانسٹیبل مسعود الرحمان نے اپنے ساتھی اہلکاروں پر سرکاری رائفل سے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 5 اہلکار ہلاک اور 2 شدید زخمی ہوگئے۔ واقعے کی وجوہات کا تعین کرنے کیلیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
زخمی اہلکاروں کو تشویشناک حالت میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے رائے پور کے بڑے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں دونوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ کانسٹیبل مسعود الرحمان نے بھی سرکاری رائفل سے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
معدنی وسائل سے مالا مال بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں ماؤ نواز جنگجو مزاحمتی تحریک چلا رہے ہیں جسے سبوتاژ کرنے کیلیے حکومت نے لاکھوں فوجی اور نیم فوجی اہلکارتعینات کیے ہیں۔ اس علاقے میں باغیوں نے 2016 سے اب تک 300 خود کش حملے کیے ہیں۔
مزاحمت کاروں کی جانب سے سیکیورٹی اہلکاروں، حکومتی عہدیداروں اور اپوزیشن رہنماؤں کو نشانہ بنایا جاتا ہے جس کے باعث اس ریاست میں تعینات فوجی اہلکار ذہنی دباؤ اور خوف کا شکار ہوکر خودکشی کرلیتے ہیں یا آپسی جھگڑے میں ایک دوسرے کی جان لے لیتے ہیں۔