اسلام آباد: وفاقی حکومت کی طرف سے قائم کی گئی اداروں کی تشکیل نو سے متعلق عملدرآمدی کمیٹی نے پوسٹل سروس ڈویژن کو وزارت مواصلات اور ٹیکسٹائل ڈویژن کو وزارت تجارت میں ضم کرنے کی سفارش کردی۔
اداروں کی تشکیل نو سے متعلق عملدرآمدی کمیٹی نے 7 وزارتوں کے19ذیلی اداروں کے انضمام، 5 وزارتوں کے9 ذیلی اداروں کی دوسری وزارتوں کو منتقلی جبکہ3 وزارتوں کے 5 ذیلی اداروں کو متعلقہ وزارتوں کی مشاورت سے ختم کرنے کی سفارش کی ہے۔ وفاقی کابینہ نے عملدرآمدی کمیٹی کی سفارشات منظوری کرلیں۔
ایکسپریس کو دستیاب کابینہ دستاویز کے مطابق عملدرآمدی کمیٹی نے ستمبر اور اکتوبر میں ہونے والی پیش رفت رپورٹ وفاقی کابینہ کو جمع کرادی ہے جس کے مطابق کمیٹی نے 2 ماہ میں 6 اجلاس کیے جس میں وفاقی حکومت کے مختلف اداروں کے انضمام، منتقلی اور ختم کرنے کے حوالے سے غور کیا گیا۔