ریاض: سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے بھائی 88 سالہ شہزادہ متعب بن عبدالعزیز آلِ سعود مختصر علالت کے بعد جہان فانی سے کوچ کر گئے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شاہی محل سے آنے والی افسوسناک خبر میں شہزادہ متعب بن عبدالعزیز کے انتقال کرجانے کی اطلاع موصول ہوئی ہے، شہزادہ متعب شاہی خاندان کے محترم اور سینیئر رکن تھے۔ اُن کی نمازہ جنازہ مسجد الحرام میں بعد از نماز عشا ادا کی جائے گی۔
کیلی فورنیا یونیورسٹی سے تعلیم یافتہ شہزادے 1931 میں پیدا ہوئے اور محض 27 سال کی عمر میں انہیں صوبہ مکہ کی گورنری کا اہم عہدہ دیا گیا تھا جسے انہوں نے خوش اسلوبی سے نبھایا۔ بعد ازاں دیگر شعبوں میں ان کے تجربے سے استفادہ حاصل کیا جاتا رہا۔ 1980 سے 2009 تک دیہی امور کے وزیر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیتے رہے۔
شہزادہ متعب سعودی فرماں روا ابن سعود کے 17 ویں بیٹے تھے اور ان کی والدہ امریکی خاتون تھیں، 2009 سے وزیر دیہی امور کی ذمہ داری ان کے صاحبزادے نبھا رہے تھے اور شہزادہ متعب کا زیادہ تر وقت امریکا میں ان کے گھر میں گزرتا تھا۔ وہ دنیا کے 98 ویں امیر ترین عرب شخصیت تھے جن کی جائیداد کی مالیت 110 ملین ڈالر بنتی ہے۔