وفاقی کابینہ میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کیلئے قانون سازی پر مشاورت


وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے لیے قانون سازی اور چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کےا رکان کی تقرری پر مشاورت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے لیے قانون سازی پر مشاورت سمیت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ نے 10 نکاتی ایجنڈے کی منظوری دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وفاقی کابینہ کو پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری پر بریفنگ دی گئی،جس کے بعد وزیراعظم اور کابینہ نے عالمی معاشی درجہ میں بہتری پر معاشی ٹیم کو شاباش دی۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معاشی ٹیم نے ملکی معیشت کا رخ موڑ دیا، بہت مطمئن ہوں، قوم کو معاشی میدان میں مزید خوشخبریاں ملیں گی۔

وزیراعظم عمران خان نے موڈیز کی رپورٹ کا معاملہ عوام میں اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔

وفاقی کابینہ کو چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری پر بھی بریفنگ دی گئی۔

کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی اور کمیٹی برائے نجکاری کے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ کابینہ میں سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن، سیکیورٹی پیپرز لمیٹڈ اور لازمی سروسز ایکٹ میں ترمیم کا جائزہ لیا گیا۔

کابینہ نے خواتین کے وراثت میں حقوق سے متعلق ایکٹ میں ترمیم اور ویمن پراپرٹی رائٹس ایکٹ میں ترمیم کی بھی منظوری دے دی۔

کابینہ اجلاس میں واپڈا کے ممبر پاور ، ممبر واٹر ، چیئرمین اکادمی ادبیات ،چیف ایگزیکٹو آفیسر انشورنس کمپنی کی تقرریوں سمیت اسلام آباد میں کم عمر بچوں سے متعلق خصوصی عدالت کے قیام کی منظوری بھی دے دی گئی۔


اپنا تبصرہ لکھیں