وزارت تجارت کے مطابق رواں مالی سال 20-2019 کے پہلے 5 ماہ میں تجارتی خسارے میں 34.42 فیصد کمی ہوئی، اس کے تحت درآمدات میں کمی جبکہ برآمدات میں معمولی اضافہ دیکھا گیا۔
وزارت تجارت کے پیش کردہ اعدادو شمار کے مطابق رواں سال جولائی تا نومبر درآمدات میں 19.27 فیصد کمی ہوئی جبکہ پہلے 5 ماہ کے دوران برآمدات میں 4.80 فیصد اضافہ ہوا۔
وزارت کے مطابق جولائی تا نومبر تجارتی خسارہ 9 ارب 49 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز رہا جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں تجارتی خسارہ 14 ارب 47 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز رہا تھا۔
ڈان نیوز کو حاصل ہونے والے وزارت تجارت کے اعدادو شمار کے مطابق رواں سال جولائی تا نومبر برآمدات 9 ارب 55 کروڑ ڈالرز رہیں جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں برآمدات کا حجم 9 ارب 11 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز رہا تھا۔
علاوہ ازیں رواں مالی سال جولائی تا نومبر درآمدات 19 ارب 4 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز رہیں جبکہ صرف نومبر 2019 میں درآمدات میں 17.53 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔
دوسری جانب نومبر میں برآمدات 2 ارب ڈالرز سے زائد رہیں جبکہ گزشتہ سال نومبر میں برآمدات ایک ارب 84 کروڑ 38 لاکھ ڈالرز تھیں اور صرف نومبر 2019 میں برآمدات میں 9.60 فیصد اضافہ ہوا۔
وزارت تجارت کے پیش کردہ اعدادو شمار کے مطابق نومبر میں درآمدات کا حجم 3 ارب 81 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز رہا جبکہ گزشتہ سال نومبر میں درآمدات 4 ارب 62 کروڑ 26 لاکھ ڈالرز تھیں۔
وزارت کے مطابق نومبر 2019 میں تجارتی خسارہ 35.50 فیصد کم رہا جبکہ نومبر میں تجارتی خسارہ ایک ارب 70 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز رہا تھا، گزشتہ سال نومبر میں تجارتی خسارہ 2 ارب 78 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز تھا۔
گزشتہ ماہ نومبر کے وسط میں پاکستان بیورو آف شماریات (پی بی ایس) کے جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا تھا کہ درآمدات سے متعلق حکومتی اصلاحی اقدامات کے نتیجے میں غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر اور دباؤ میں تنزلی سے رواں مالی سال میں تجارتی خسارہ کم ہونے کا رجحان رہا۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں ملک کا تجارتی خسارہ 34 فیصد کم ہوا، جس کے باعث برآمدات میں معمولی اضافہ اور غیر ضروری مصنوعات کی درآمدات میں دوگنا کمی ریکارڈ کی گئی۔