اسلام آباد: معروف اداکار جمال شاہ کی ہدایتکاری میں بنائی جانے والی پہلی فلم ’بدلہ‘ اسلام آباد فیسٹیول میں نمائش کے لئے پیش کی گئی۔
اسلام آباد میں 18 نومبر سے شروع ہونے والا آرٹ فیسٹول آج اختتام پذیر ہوگیا۔ فیسٹیول میں پاکستان سمیت، آسٹریا، ایران ، جاپان، روس اور دیگر ممالک کی کئی فلمیں نمائش کے لئے پیش کی گئیں تاہم پاکستان کی جانب سے سابقہ ڈائریکٹر جنرل نیشنل آرٹ کونسل و اداکار جمال شاہ کی 2016 میں ریلیز ہونے والی ایکشن ڈرامہ فلم ’ بدلہ بھی نمائش کے لئے پیش کی گئی جوکہ شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
جمال شاہ کی اپنی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’بدلہ‘ میں جمال شاہ نے زرک خان کا مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ جن کی اہلیہ اور دو بچے اپنا آبائی گھر چھوڑنے پر رضا مند نہیں ہوتے جس کے بعد جمال شاہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ دشمنوں کا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں اور بالآخر فلم کے اختتام میں جمال شاہ اپنی ایک بیٹی اور تین ملازم سمیت انتقال کرجاتے ہیں۔
فلم میں جمال شاہ کے ہمراہ ایوب کھوسہ، فردوس جمال ، شامل خان مائرہ خان سمیت کئی نئے چہروں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
2009 میں سوات کے حالات نہایت خراب تھے اور خصوصی طور پر فنونِ لطیفہ سے منسلک افراد کے لئے یہ دور ایک بھیانک خواب تھا جہاں فن کا گلا گھونٹا گیا اور فنکاروں کو قتل کیا گیا۔ اور یہ سب انتہا پسندی کے نام پر کیا گیا۔ اس فلم میں انہی حالات کی منظر کشی کی گئی ہے۔