کراچی: شہرت کی بلندیوں کو چھوتا ہوا ڈرامہ ’میرے پاس تم ہو‘ کا ٹائٹل سانگ ویسے ہی مشہور تھا تاہم اب بچوں کی آوازمیں گائے گئے اس گانے کی سوشل میڈیا پردھوم مچ گئی ہے۔
ڈرامہ ’میرے پاس تم ہو‘ اپنے ڈائیلاگ اورکرداروں سمیت کہانی کی وجہ سے سب کا من پسند ڈرامہ بن چکا ہے جہاں تقریبا ہرہفتے ہی اس ڈرا مہ کی کہانی میں ایک نیا موڑ آجاتا ہے جس کے بعد مداح ان ڈائیلاگزکے میمز بھی بناتے ہیں جب کہ طرح طرح سے سوشل میڈیا پر ڈرامے سے متعلق خیالات کا اظہاربھی کیا جاتا ہے۔
ڈرامہ کی کہانی جہاں دلچسپ ہے وہیں ڈرامے کا عالمی شہرت یافتہ گلوکارراحت فتح علی خان کی آوازمیں گایا گیا اوایس ٹی سانگ (ٹائٹل سانگ) بھی اب تک بہت مشہورہوچکا ہے اوراب اس ٹائٹل سانگ مزید پزیرائی مل رہی ہے جب سے اسے 2 ننھے گلوکاراپنی بہترین آوازمیں جاندار طریقے سے گا رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پربچوں کی وڈیو پسند کی جارہی ہے۔ وڈیوسے متعلق صارفین کا کہنا ہے کہ بچوں نے یہ گانا اصل گانے سے زیادہ بہترگایا ہے، کچھ صارفین نے کہا کہ بچوں کی آوازمیں جادوہے جب کہ کچھ نے بچوں کو چھوٹے راحت فتح علی خان قراردے دیا۔