روسی علاقے سائبیریا میں مسافر بس دریا میں گرنے سے 19 افراد ہلاک ہوگئے۔
روسی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ سائبیریا کے مشرق میں پیش آیا جہاں ایک مسافروں سے بھری بس بے قابو ہو کرپل سے نیچے ایک جمے ہوئے دریا میں جاگری۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں 19 افراد ہلاک اور 21 زخمی ہوئے ہیں جب کہ جمے ہوئے دریا کی سطح پر موجود بس کے ڈوبنے کا بھی خدشہ ہے جسے نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
پولیس کے مطابق حادثہ بس کے ٹائر پھٹنے کے باعث پیش آیا جس کی وجہ سے بس تقریباً 20 فٹ نیچے جمے ہوئے دریا کی برفیلی سطح پر جاگری۔
روسی حکام کا کہنا ہے کہ اس حادثے کے حوالے سے مکمل تحقیقات کی جائیں گی تاکہ بس ڈرائیور کی جانب سے ٹریفک قوانین کی مبینہ خلاف ورزی کے بارے میں پتا چل سکے۔
واضح رہے کہ روس کا شماران ممالک میں ہوتا ہے جہاں ٹریفک کے حفاظتی اقدامات نہ کرنے کی وجہ سے بڑی تعداد میں جانی نقصان ہوتا ہے۔
حکام کی جانب سے جاری کیے گئے گذشتہ سال کے ریکارڈ کے مطابق روس میں ٹریفک حادثات میں 18 ہزار 214 افراد ہلاک ہوئے تھے۔