امریکا کی نامور ماڈل بیلا حدید اپنے فیشن اور اسٹائل کی وجہ سے تو خبروں میں رہتی ہی ہیں اس کے علاوہ وہ گلوبل وارمنگ سے ہونے والے مسائل کے حل کے لیے بھی کافی سرگرم ہیں۔
فاکس نیوز کی رپورٹ کے مطابق 23 سالہ ماڈل نے 600 درخت شجرکاری کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
فلسطینی نژاد امریکی سپر ماڈل کا اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کہنا تھا کہ ‘سفر کے دوران پرواز سے پھیلنے والی ماحولیاتی آلودگی سے متاثر ہوتی دنیا کو دیکھ کر نہایت افسوس ہوتا ہے، گزشتہ تین ماہ میں جتنی بھی پروازیں لی، اس حساب سے ہر پرواز کے لیے 20 درختوں کی شجرکاری کی جائے گی اور یہ سلسلہ ایک سال تک جاری رہے گا’۔
بیلا حدید نے انکشاف کیا کہ زیادہ تر درختوں کی شجرکاری کیلیفورنیا میں کی جائے گی جس کی وجہ یہ ہے کہ کیلیفورنیا کے جنگلات میں لگی آگ سے ہزاروں کی تعداد میں درخت متاثر ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ کیلیفورنیا کے جنگلات سے اس شجرکاری کا آغاز ہوگا، البتہ انہوں نے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ انہیں ان علاقوں کے حوالے سے بھی آگاہ کریں جہاں درختوں کی شجرکاری کی ضرورت ہے۔
ماڈل کے مطابق افریقہ، ایشیا، جنوبی امریکا ہر خطے میں درخت کی شجرکاری کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ ‘میں اس اقدام کے لیے بےحد پرجوش ہوں، میں خود تو وہاں موجود نہیں ہوں گی البتہ میں یہ سب محسوس کرسکتی ہوں، زندہ رہنے کے لیے ہمیں ان درختوں کی ضرورت ہے’۔
بیلا کا مزید کہنا تھا کہ ‘میں جانتی ہوں یہ کوئی بڑی بات نہیں، لیکن جب میں جہاز کا سفر کررہی ہوتی ہوں اور باہر دیکھتی ہوں تو مجھے انتہائی خوبصورت جنگلات نظر آتے ہیں، لیکن ایسے کئی علاقے بھی ہیں جن کو مدد کی ضرورت ہے، ان جانوروں کا سوچیں جو کم درخت ہونے کی وجہ سے متاثر ہورہے ہیں’۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ گھر پہنچتے ہی سب سے پہلے اپنے گھر کے باہر ایک درخت کی شجرکاری کریں گی۔
خیال رہے کہ بیلا حدید کے والد مسلمان ہیں جو کہ شام سے نقل مکانی کرکے امریکا منتقل ہوئے تھے، ان کی بہن جی جی حدید بھی امریکا کی سپر ماڈل ہیںل، جب کہ ان کے بھائی انور حدید بھی ماڈلنگ کرتے ہیں۔