مارننگ شو کے بعد فیصل قریشی کی گیم شو میں انٹری


پاکستان کے نامور اداکار فیصل قریشی نے اپنے مارننگ شو سلام زندگی کے اختتام کے بعد اب ایک نئے شو کے ساتھ ٹیلی ویژن اسکرینز پر واپسی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ان کے مارننگ شو ‘سلام زندگی’ کی آخری قسط رواں سال اکتوبر میں نشر کی گئی تھی۔

فیصل قریشی بہت جلد ‘خوش رہو پاکستان’ نامی گیم شو کی میزبانی کرتے نظر آئیں گے۔

ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے فیصل قریشی کا کہنا تھا کہ ‘اس پروگرام میں بہت سے مزیدار گیمز موجود ہیں، ہم کوشش کررہے ہیں کہ وہ گیمز جو آج کل شوز میں پیش کیے جارہے ہیں ان سے کچھ مختلف پیش کریں، جب ناظرین شو دیکھیں گے تو انہیں اندازہ ہوگا کہ یہ کتنا الگ ہے، یہ شو انہیں محظوظ کرنے میں کامیاب ہوگا’۔

‘خوش رہو پاکستان’ بول چینل پر جمعرات اور جمعہ کی شام 7 سے رات 10 بجے تک نشر کیا جائے گا۔

فیصل قریشی کے مطابق ‘اس شو میں بہت سے سیگمنٹس ہوں گے، کوئی کھیل دوبارہ نہیں کھیلا جائے گا’۔

اداکار نے یہ بھی کہا کہ کچھ ایسے کھیل بھی ہیں جو ذرا خطرناک ہوسکتے ہیں، جن کو فی الحال پیش نہیں کیا جائے گا۔

لیکن اداکار نے مارننگ شو چھوڑنے کے بعد اس گیم شو کا انتخاب کیوں کیا؟

اس حوالے سے اداکار کا کہنا تھا کہ ‘میں دوبارہ کسی مارننگ شو کی میزبانی نہیں کرنا چاہتا تھا، مجھے دو چینلز سے مارننگ شو کرنے کی آفرز ملی، البتہ میں کچھ تبدیلی چاہتا تھا، ہفتے میں دو روز کا یہ گیم شو کرنے کا انتخاب مجھے زیادہ پسند آیا’۔

‘خوش رہو پاکستان’ گیم شو کا آغاز رواں ماہ 28 تاریخ سے ہوگا۔


اپنا تبصرہ لکھیں