15 منٹ میں 4 گول، لیون ڈاؤسکی نے نئی تاریخ رقم کردی


پولینڈ کے فٹبال اسٹار روبرٹ لیون ڈاؤسکی نے چیمپیئنز لیگ میں بایرن میونخ کی نمائندگی کرتے ہوئے 15 منٹ میں 4 گول اسکور کر کے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

منگل کو کھیلے گئے چیمپیئنز لیگ کے میچ میں بایرن میونخ نے یکطرفہ مقابلے کے بعد سربین فٹبال کلب ریڈ اسٹار کو 0-6 سے شکست دے کر اہم کامیابی اپنے نام کی۔

میچ کی خاص بات لیون ڈاؤسکی کی شاندار کارکردگی تھی جنہوں نے چیمپیئنز لیگ کی تاریخ میں تیز ترین چار گول اسکور کرتے ہوئے صرف 15 منٹ میں یہ کارنامہ انجام دیا۔

ریڈ اسٹار اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے 14ویں منٹ میں بایرن میونخ کے لیون گوریٹزکا نے گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کا کھاتا کھولا جس کے بعد پہلے ہاف کے اختتام تک کوئی بھی ٹیم مزید کوئی گول اسکور نہ کر سکی۔

میچ کا دوسرا ہاف میزبان ٹیم کے لیے کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہ تھا جس میں لیون ڈاؤسکی کسی طوفان کی طرح تابڑ توڑ گول اسکور کرتے رہے اور ریڈ اسٹار کا دفاع بالکل بے بس نظر آیا۔

53ویں منٹ میں بایرن کو ایک پینالٹی ملی جس پر لیون ڈاؤسکی نے گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کی برتری کو دگنا کردیا۔

میچ کے 60ویں منٹ میں پولش فٹبالر نے اپنا دوسرا اور اپنی ٹیم کے تیسرا گول اسکور کیا اور پھر 64ویں اور 67ویں منٹ میں مزید دو گول اسکور کر کے خود کو چیمپیئنز لیگ کی تاریخ میں امر کر لیا۔

اس کے بعد میچ کے 89ویں منٹ میں کورنٹن ٹولیسو نے ایک اور گول داغ کی اپنی ٹیم کی میچ میں 0-6 سے جیت پر مہر ثبت کردی۔

لیون ڈاؤسکی اب تک چیمپیئنز لیگ کے 5 میچوں میں 10 گولوں کے ساتھ سب سے آگے ہیں جبکہ اس سیزن میں اپنی ٹیم بایرن میونخ کے لیے 20 میچوں میں 27 گول اسکور کر چکے ہیں۔

یہ بایرن کی چیمپیئنز لیگ میں مسلسل پانچویں فتح ہے اور پہلے ہی یورپین چیمپیئنز لیگ کے پری کوارٹر فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں