اینیمیٹڈ فنٹیسی فلم ’فروزن ٹو‘ نے ریلیز ہوتے ہی ریکارڈ بنا ڈالا


اینیمیٹڈ فنٹیسی فلم ’فروزن ٹو‘ کا ٹریلر سامنے آتے ہی یہ چہ مگوئیاں کی جانے لگی تھیں کہ فلم نہ صرف شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب جائے گی بلکہ یہ نیا ریکارڈ بھی بنانے میں کامیاب ہوگی۔

خیال کیا جا رہا تھا کہ فلم ریلیز کے پہلے ہی دن 70 لاکھ ڈالر سے زیادہ کی کمائی کرکے نیا اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب جائے گی، تاہم فلم نے ریلیز کے پہلے دن اندازوں سے کم کمائی کی۔

باکس آفس موجو کے مطابق ’فروزن ٹو‘ نے ریلیز کے پہلے دن 40 لاکھ ڈالر کی کمائی کرکے ’نومبر‘ میں ریلیز ہونے والی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی اینیمیٹڈ فلم کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر کمائی کے حوالے سے ’فروزن ٹو‘پہلے ہی دن سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں چوتھے نمبر پر آگئی، تاہم وہ نومبر میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی۔

ایلسا سیکوئل فلم میں اپنی طاقت کے رازوں کو جان جائیں گی—اسکرین شاٹ
ایلسا سیکوئل فلم میں اپنی طاقت کے رازوں کو جان جائیں گی—اسکرین شاٹ

’فروزن ٹو‘ نے امریکا سے پہلے دن 40 لاکھ جب کہ مجموعی طور دنیا بھر سے ایک کروڑ ڈالر کی کمائی کی اور خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ پہلے ہی ہفتے امریکا بھر سے ایک کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی کمائی کرنے میں کامیاب جائے گی۔

’فروزن ٹو‘ کی پہلی فلم 6 سال قبل 2013 میں ریلیز ہوئی تھی، جس کی شاندار کامیابی کے بعد اس کی دوسری فلم بنانے کا کام 2017 میں کیا گیا تھا اور 22 نومبر کو اسے ریلیز کردیا گیا۔

’فروزن ٹو‘ نے ریلیز کے پہلے ہی دن 40 لاکھ ڈالر کی کمائی کرکے دوسری فلموں کے لیے خطرے کے گھنٹی بجادی ہے اور خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم کمائی کے نئے ریکارڈ بنانے میں کامیاب جائے گی۔

فروزن کے ٹریلر کو بھی پسند کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ
فروزن کے ٹریلر کو بھی پسند کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ

’فروزن ٹو‘ کی کہانی بھی پہلی فلم کی کہانی کا سلسلہ ہے اور اس بار پہلی فلم میں اپنے ملک کی ملکہ بننے والی ایلسا اپنی جادوئی طاقتوں اور خصوصی قوتوں کو جاننے میں کامیاب ہوجائے گی اور اسے علم ہوجائے گا کہ وہ اتنی خاص کیوں ہے؟

یہ بھی پڑھیں: اینیمیٹڈ فلم ‘فروزن 2’ کا ایک اور ٹریلر سامنے آگیا

فروزن کی پہلی فلم میں 2 بہنوں کی کہانی کو پیش کیا گیا تھا، ان میں سے ایک بہن ایلسا کے پاس برف کی جادوئی طاقت تھی جو گھر سے دور چلی جاتی ہے جبکہ دوسری بہن آنا اسے گھر واپس لانے کی جدوجہد کرتی ہے۔

فلم نومبر مین سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی—پرومو فوٹو
فلم نومبر مین سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی—پرومو فوٹو

سیکوئل کے نئے ٹریلر میں ایلسا کی جادوئی طاقتوں کو دیکھایا گیا ہے جبکہ یہ بات بھی سامنے آئی کہ اس نئی فلم میں ایلسا جان جائے گی کہ اس کے پاس یہ طاقت کہاں سے آئی۔

نئی فلم میں بھی آنا اور ایلسا اپنی سلطنت کی تاریخ جاننے کے لیے کوشاں دکھائی دیتی ہیں۔

فروزن ٹو کی ہدایات جینیفر لی اور کرس بک نے دی ہیں، جنہوں نے پہلی فلم کی ہدایات بھی دی تھیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں