پنک بال کے ساتھ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے کا منتظر ہوں: امام الحق


قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز امام الحق کا کہنا ہے کہ وہ پنک بال کے ساتھ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کے منتظر ہیں۔

پاکستان ٹیم برسبین سے ایڈیلیڈ پہنچ چکی ہے جہاں وہ آسٹریلیا کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ 29 نومبر سے کھیلے گی۔

ایڈیلیڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امام الحق نے کہا کہ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کرکٹ کے لیے بہت اچھا ہے کیونکہ یہ ایک انٹرٹینمنٹ ہے، کراؤڈ ٹیسٹ میچ دیکھنے کے لیے بہت آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں بھی منتظر ہوں کہ پنک بال کے ساتھ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلوں کیوں کہ وکٹ بہت اچھی دکھائی دے رہی ہے اس لیے اچھا ٹیسٹ میچ ہو گا۔

امام الحق کا کہنا تھا کہ ہم پنک بال کے ساتھ کھیلنے کے عادی نہیں ہیں اور اس کے ساتھ کھیلنا چیلنج ہوتا ہے لیکن ہم پروفیشنل کرکٹرز ہیں، 100 فیصد کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔

امام الحق نے مزید کہاکہ پروفیشنل کرکٹرز ہونے کے ناطے ہمیں مشکل نہیں ہونی چاہیئے اور ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ سے قبل دو دن میں پنک بال کے ساتھ اچھی ٹریننگ مل جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کہ جب آپ اسکواڈ میں شامل ہوتے ہیں تو حتمی الیون میں شامل ہونے کے لیے ہر وقت تیار رہنا پڑتا ہے میں بھی تیار ہوں، اگر کھیلنے کا موقع ملتا ہے تو میں سو فیصد کھیل پیش کرنے کوشش کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ مشکل ہوتی ہے اس کے لیے بہت مضبوط ہونا پڑتا ہے ہمیں خود پر اعتماد ہے، ہم اچھے طریقے سے کم بیک کریں گے۔

‏واضح رہے کہ امام الحق کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں کھیلنے کے روشن امکانات ہیں، انہیں حارث سہیل کی جگہ ٹیم میں شامل کیا جائے گا جب کہ امام الحق شان مسعود کے ساتھ اوپننگ کریں گے اور کپتان اظہر علی ون ڈاؤن آئیں گے، بابر اعظم چوتھے نمبر پر بیٹنگ کریں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں