دورہ آسٹریلیا میں پہلے ٹیسٹ کی شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کل برسبین سے ایڈیلیڈ پہنچے گی، دوسرے ٹیسٹ کے لیے قومی ٹیم میں تبدیلیوں کا امکان ہے۔
قومی ٹیم میزبان آسٹریلیا سے دوسرا ٹیسٹ کھیلنے کے لیے ایڈیلیڈ پہنچ رہی ہے جہاں 29 نومبر سے دوسرے ٹیسٹ کا آغاز ہوگا جو کہ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ ہوگا۔منگل کو آرام کے بعد کھلاڑی بدھ اور جمعرات کو ٹریننگ سیشن میں حصہ لیں گے۔
پہلے میچ میں شکست کے بعد پاکستان ٹیم میں تبدیلیوں کا امکان ہے ۔ دوسرے ٹیسٹ میں حارث سہیل کی چھٹی کا امکان ہے جب کہ امام الحق یا عابدعلی کوبھی موقع دیا جاسکتا ہے۔
فاسٹ بولر محمد عباس کو فائنل الیون میں شامل کیا جاسکتا ہے جب کہ یاسر شاہ ، شاہین آفریدی اور عمران خان میں سے کوئی ایک ڈراپ ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ دورہ آسٹریلیا پر ٹیم پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میں میزبان ٹیم نےاننگز اور 5 رنز سے شکست دےکر دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرکھی ہے۔
پہلی اننگز میں جہاں بلے باز ناکام ہوئے وہیں بولرز بھی آسٹریلوی بلے بازوں کے سامنے بے بس دکھائی دیے۔
قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی پر امید ہیں کہ ایڈیلیڈ میں نتیجہ مخلتف ہوگا۔
ان کا کہنا ہے کہ مجھے اب بھی یقین ہے کہ ان بلے بازوں میں اچھا پرفارم کرنے کی صلاحیت ہے، بابر اعظم نے عمدہ اننگز کھیلی، محمد رضوان اس ٹیم میں نیا ایڈیشن ہے، وہ بھرپور اعتماد کے ساتھ کھیلا، مجھے یقین ہے کہ انہیں دوسرا موقع ملا تو وہ اچھا کھیلیں گے۔
اظہر علی کا کہنا ہے کہ اتنی جلد بیٹسمینوں کے اوپر سوالات اٹھانا اچھا نہیں ہے، ایک ٹیسٹ میچ خراب جانے سے بیٹسمین برا نہیں ہو جاتا۔