ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ کی امریکا اور اس کے اتحادیوں کو دھمکی


تہران: ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ نے امریکا اور اس کے اتحادیوں کو  ریڈلائن عبور کرنے کی صورت میں برباد کرنے کی دھمکی دے دی۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق دارالحکومت تہران میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل حسین سلیمی نے کہا کہ اگر امریکا اور اس کے اتحادیوں نے ایران کی ریڈلائن کو عبور کیا تو ہم انہیں برباد کردیں گے۔

پاسداران انقلاب کے سربراہ نے امریکا، برطانیہ، اسرائیل اور سعودی عرب پر بدامنی پھیلانے کا بھی الزام عائد کیا اور کہا کہ ایسے کئی عناصر کو ایرانی فورسز نے ہلاک کیا۔

جنرل حسین سلیمی کا کہنا تھا کہ ہم نے تحمل کا مظاہرہ کیا ہے جب کہ ایران کے خلاف امریکا، اسرائیل اور سعودی عرب کے مخالفانہ اقدامات کے سامنے بھی صبر کا مظاہرہ کیا لیکن امریکا اور اس کے اتحادیوں نے ہماری ریڈلائن کو عبور کیا تو ہم انہیں برباد کردیں گے۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق ریلی میں ہزاروں افراد شریک تھے جنہوں نے ایرانی پرچم لہراتے ہوئے امریکا اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی جب کہ بعض شرکا نے امریکی پرچم بھی نذر آتش کیے۔


اپنا تبصرہ لکھیں