اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نواز شریف کی ہشاش بشاش طبیعت نے بیماری کے دعوؤں کی نفی کردی۔
فردوس عاشق اعوان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی ہشاش بشاش طبیعت، تندرستی اور پھرتیوں نے بیماری کے دعوؤں کی نفی کردی اور خبروں کو جھٹلادیا، ن لیگ کے ترجمانوں کے مطابق تو نواز شریف شدید علیل تھے، میڈیا کے نامور افراد میاں صاحب کی سانسیں گن رہے تھے، اب تاریخ بتائے گی اور میاں صاحب کی رپورٹ بتائے گی، میاں صاحب کی لندن میں بھی اب تک بیماری کی تشخیص نہیں ہوسکی، امید ہے کہ وہ جلد اپنی بیماری کی حتمی تشخیص سے قوم کو آگاہ کریں گے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دوہزار اٹھارہ کے انتخابات میں مولانا فضل الرحمان کو عوام نے مسترد کیا، ان کے ساتھ تو کنٹینر کے لوگ بھی شامل نہیں، اسلام کا ٹھیکیدار پاکستان کی ترقی میں روڑے نہیں اٹکا سکتا، انہوں نے انتہا پسندی کی راہ اختیار کی، وہ ابھی تک جھوٹ کا سہارا لے رہے ہیں، ان کا پلان اے بری طرح پٹا اور پلان بی رسوائی کا باعث بن گیا ہے۔