طرابلس: ليبيا کے دارالحکومت کے مضافات میں جاسوسی کی نیت سے پرواز کرنے والا بغیر پائلٹ امريکی ڈرون لاپتا ہوگیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کی فضائی حدود ميں امريکا کا ايک ڈرون طيارہ لاپتا ہو گيا۔ امریکی افواج کا کہنا ہے کہ بغیر پائلٹ والا یہ ڈرون سلامتی صورت حال کا جائزہ لے رہا تھا کہ کنٹرول روم سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ ڈرون کا ملبہ تلاش کے باوجود کہیں سے نہ مل سکا اور نہ ہی کسی گروپ نے ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
امریکی وزارت دفاع نے لیبیا میں برسرپیکار انتہا پسندوں کی مخبری کرنے والے ڈرون کے لاپتا ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ ڈرون جس علاقے میں محو پرواز تھا وہ جنگجوؤں کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کے قبضے کے لیے کئی متحارب گروپس آپس میں دست و گریباں ہیں، حکومتی فوج اور باغی جنرل حفتر کے جنگجو سڑکوں پر ایک دوسرے سے نبرد آزما ہیں جس کی وجہ سے طرابلس جنگ زدہ علاقے میں تبدیل ہوگیا ہے۔