ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ زارا نور عباس نے پاکستان میں مقیم خواتین مہاجرین کو بااختیار بنانے کے لیے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) سے ہاتھ ملا لیا۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر ان مہاجرین کی مشکل حالات میں بھی بہادری کا مظاہرہ کرنے پر تعریف کی۔
زارا نور عباس نے اعلان کیا کہ انہوں نے مہاجرین کو بااختیار بنانے کے لیے (یو این ایچ سی آر) اور ڈیزائنر ہما عدنان کے ساتھ ہاتھ ملایا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ہما عدنان اور (یو این ایچ سی آر) کے ساتھ مل کر خوشی ہوئی۔
ڈیزائنر ہما عدنان ’کرافٹ اسٹوریز‘ کے نام سے ایک اسٹور چلاتی ہیں اور مہاجر خواتین کو ملازمت کے مواقع فراہم کرتی ہیں، وہ سلائی سمیت دیگر مصنوعات بنانے کے لیے ان خواتین کی خدمات حاصل کرتی ہیں۔
ڈیزائنر اپنے اس پروجیکٹ کے تحت خواتین مہاجرین کو بااختیار اور ان کے میعارِ زندگی کو بہتر کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔
یاد رہے کہ معروف اداکارہ زارا نور عباس پاکستان کی معروف اداکارہ و گلوکارہ بشریٰ انصاری کی بھانجی ہیں۔
زارا نور متعدد ڈراموں اور فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں اور انہوں نے 2017 میں معروف اداکار عدنان صدیقی کے بھانجے اسد صدیقی سے شادی کی تھی۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کے مطابق پاکستان عالمی سطح پر سب سے زیادہ پناہ گزینوں کی میزبانی کر رہا ہے۔
اعدادو شمار کے مطابق پاکستان 1.45 ملین مہاجرین کی میزبانی کرتا ہے جن میں سے بیشتر کا تعلق پڑوسی ملک افغانستان سے ہے۔