پاکستان کی اسکینڈل کوئین اداکارہ میرا نے امتحان پاس کرلیا۔
اپنی گلابی انگریزی سے لوگوں کو محظوظ کرنے والی نامور اداکارہ میرا نے آخر کار امتحان پاس کرلیا لیکن انہوں نے یہ امتحان کسی کالج یا یونیورسٹی کا نہیں بلکہ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کا پاس کیا ہے۔ میرا کا شمار ان فنکاروں میں ہوتا ہے جو سوشل میڈیا پر کافی سرگرم رہتے ہیں اور اپنے پل پل کی خبر سے مداحوں کو آگاہ رکھتے ہیں۔
حال ہی میں میرا نے انسٹاگرام پر اپنی تصویر شیئر کی جس میں وہ اپنے چہرے پر کتاب رکھے نظر آرہی ہیں یہ کتاب دراصل ڈرائیونگ سیکھنے کے حوالے سے ہے۔ اس تصویر کے ساتھ میرا نے بتایا کہ امید ہے وہ ڈرائیونگ ٹیسٹ پاس کرلیں گی کیونکہ انہیں پڑھنا بے حد مشکل کام لگتا ہے۔
ایک اور پوسٹ میں میرا نے بتایا کہ پڑھائی کرتے ہوئے انہیں نیند آنے لگتی ہے اور اس وقت بھی انہیں بے حد نیند آرہی ہے اس کے علاوہ پڑھائی کرنے سے ان کی آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقے بھی پڑجاتے ہیں۔ میرا نے اپنے چاہنے والوں سے مشورہ مانگا کہ اس صورتحال میں وہ کس طرح اپنا ڈرائیونگ کا امتحان پاس کریں کوئی بتائے گا۔
اگلے دن میرا نے ایک اور پوسٹ شیئر کی جس میں وہ جہاز میں موجود ہیں میرا نے بتایا کہ وہ پاکستان واپس آرہی ہیں اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وہ ابھی تک حیرت زدہ ہیں کہ آخر انہوں نے ڈرائیونگ کا امتحان کیسے پاس کرلیا؟