کراچی: نامورپاکستانی میک اپ آرٹسٹ شعیب خان نے ملکہ ترنم نورجہاں کو منفردانداز میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
پاکستانی میک اپ آرٹسٹ اوربیوٹی بلاگرشعیب خان نے انسٹاگرام پراپنی تصاویرشیئر کی ہیں جن میں انہوں نے میک اپ کے ذریعے خود کو ملکہ ترنم نور جہاں کے روپ میں ڈھالا ہوا ہے۔ شعیب خان نے اتنی مہارت سے میک اپ کیا ہے کہ پہلی نظر میں انہیں پہچاننا مشکل ہوجاتا ہے کہ یہ میڈم نور جہاں نہیں بلکہ ایک مَرد میک اپ آرٹسٹ ہے۔
شعیب خان نے میڈم نورجہاں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بچپن ہی سے ان کی خوبصورتی کے بہت بڑے مداح ہیں۔
اس سے قبل بھی شعیب خان فلموں کے مشہورکرداروں کے روپ میں خود کو ڈھال چکے ہیں۔ چند روز قبل انہوں نے دپیکا پڈوکون کے مشہور کردار شانتی، انجلینا جولی کے کردار میلیفشنٹ اور جوکر سمیت مختلف اداکاروں کی طرح میک اپ کرکے تصاویر پوسٹ کی تھیں جنہیں سوشل میڈیا پر بے حد سراہا گیا تھا۔
شعیب خان کی صلاحتیوں کے معترف صرف سوشل میڈیا صارفین ہی نہیں بلکہ پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے فنکار بھی ہیں۔ ماڈل صدف کنول، اداکارہ مایا علی اورصحیفہ جبار خٹک نے شعیب خان کی صلاحتیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ شعیب کو آسکرایوارڈ ملنا چاہیئے۔