موجودہ دور میں ہر دوسرے شخص کو بے چینی اور تناؤ کی کیفیت کا سامنا ہے جب کہ ساتھ ہی نیند کے مسائل بھی اکثر لوگوں کا مسئلہ ہیں اور نیند سے متعلق ہی ایک حالیہ تحقیق میں یہ بات ثابت ہوئی ہےکہ گہری نیند تناؤ اور بے چینی کو کم کرتی ہے۔
یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے محققین نے انکشاف کیا ہے کہ گہری نیند انسان کی بے چینی اور تناؤ کی کیفیت کم کرنے سے ساتھ ساتھ اسے پُرسکون رکھنے کے لیے بھی مددگار ثابت ہوتی ہے۔
دوسری جانب ماہرین کا یہ بھی کہنا تھا کہ رات میں نہ سونے سے انسان کی بے چینی اور تناؤ کی کیفیت میں 30 فیصد اضافہ ہوجاتا ہے۔
اس تحقیق میں سائنسدانوں نے 18 بالغ افراد کے دماغ کا تجزیہ کیا جن میں سے کچھ لوگ رات کے وقت تناؤ میں مبتلا کر دینے والی ویڈیوز دیکھا کرتے تھے جب کہ کچھ لوگ رات کی بھر پور نیند لینے کے بعد ویڈیوز دیکھا کرتے تھے۔
ماہرین کو ان لوگوں میں بہت ہی نمایاں فرق نظر آیا کیونکہ جو لوگ رات کی نیند لیے بغیر ویڈیوز دیکھا کرتے تھے انہیں پورا دن بے چینی اور جذباتی مسائل کا سامنا رہتا تھا۔
یونیورسٹی میں دماغی سائنس کے مضامین کے استاد اور تحقیق کے سینئر مصنف ڈاکٹر میتھیو واکر کاکہنا تھا کہ ’ہم نے گہری نیند کا نیا فائدہ دریافت کرلیا ہے جو انسان کے تناؤ اور بے چینی کو راتوں رات کم کردیتا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ خاص طور پر رات کے وقت گہری نیند سونا قدرتی طور پر اضطراب یعنی پریشانی سے روکنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اس تحقیق نے نیند اور اضطراب کے مابین مضبوط ترین ربط فراہم کیا ہے۔
ماہرین نے رات میں مکمل نیند نہ لینے والے لوگوں کے لیے چند تجاویز بھی پیش کیں۔
1. رات میں سونے کا وقت اور صبح جاگنے کے وقت کو روزانہ ایک جیسا ہی رکھیں۔
2. اپنی سونے کی جگہ (کمرے) کا درجہ حرارت ٹھنڈا رکھیں، بہترین نیند کے لیے تقریباً 65 ڈگری فارن ہائیٹ جسم کے لیے بہترین ثابت ہوتا ہے۔
3. سونے سے ایک گھنٹا قبل کسی بھی قسم کے الیٹرونک ڈیوائس یعنی ٹی وی اسکرین، موبال فون اور لیپ ٹاپ کا ستعمال بند کردیں۔
4. اگر آپ کو رات کے وقت نیند نہیں آتی تو بستر سے اُٹھ کر کوئی ایسا کام کریں جو کہ دماغ کو سکون پہنچائے (جیسے کہ کتاب پڑھنا) اور اس کام کو اس وقت تک جاری رکھیں جب تک آپ کو نیند نا آجائے۔
5. دوپہر ایک بجے کے بعد کیفین کا استعمال نہ کریں۔