کویت سٹی: کویت کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک خاتون مریم العقیل کو وزیر خزانہ تعینات کر دیا گیا۔
کویتی خبر رساں ادارے ُکونا‘ کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی خاتون کو وزیر خزانہ کا قلمدان سونپا جا رہا ہے، اقتصادی امور کی ماہر مریم العقیل کو وزیر خزانہ نایف الحجرف کی جگہ تعینات کر دیا گیا ہے جب کہ وزیر خزانہ کا قلم دان لے کر نایف الحجرف کو خلیجی تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
کویت کی پہلی خاتون وزیر خزانہ مریم العقیل ماہر اقتصادیات ہیں، کویت یونیورسٹی سے منسلک رہیں، وزارت خزانہ میں مالیاتی کنٹرول کے ادارے کی ڈائریکٹر کی حیثیت سے فرائض انجام دیں اور بہترین کارکردگی دکھانے پر انہیں 2016ء میں وزیر مملکت برائے اقتصادی امور کی ذمہ داری بھی دی گئی تھی
واضح رہے کہ سعودی عرب میں ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2023ء کے تحت خواتین کو ہر شعبے میں صلاحیتیں دکھانے کی اجازت دی جارہی ہے جس کے بعد عرب ممالک میں بھی خواتین کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرنے اور اہم حکومتی ذمہ داریاں سونپنے کا رجحان بڑھتا جارہا ہے۔