قومی احتساب بیورو (نیب) نے کراچی میں چائنا کٹنگ کے مشہور کردار احسن عرف چنوں ماموں کو 80 کروڑ روپے مالیت کے 2 پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹنمنٹ پر طلب کر لیا۔
نیب کراچی نے چائنا کٹنگ کنگ احسن عرف چنوں ماموں کے خلاف ایک اور تحقیقات کا اغاز کیا ہے، ملزم پر کلفٹن کے علاقے باتھ آئی لینڈ میں 80 کروڑ روپے مالیت کے دو پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کا الزام ہے۔
نیب نے بلدیہ عظمیٰ کراچی (کے ایم سی) کے ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ کو بھی پلاٹوں کی تمام تفصیلات کے ساتھ طلب کیا ہے۔
نیب ذرائع کے مطابق کراچی کے مہنگے ترین علاقے باتھ آئی لینڈ میں 80 کروڑ روپے کے 2 پلاٹوں کو کے ایم سی افسران نے مبینہ حصہ وصول کر کے جعلی کاغذات بنا کر چنوں ماموں کو دیئے، چنوں ماموں نے ایک پلاٹ اپنے اور ایک اپنے عزیز کے نام الاٹ کرایا۔
نیب ذرائع کے مطابق پلاٹ کی الاٹمنٹ میں سابق گورنر سندھ عشرت العباد کا نام بھی سہولت کار کے طور پر سامنے آیا تھا۔
واضح رہے کہ نیب کی جانب سے ملزم احسن عرف چنوں ماموں کے خلاف کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں سرکاری افسران کے ساتھ مل کر 200 سے زائد پلاٹوں کی غیر قانونی فرخت کے کیس کی تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔