ڈاٹ بال قومی ٹوئنٹی20 ٹیم کیلیے وبال بن گئے


لاہور: ڈاٹ بال قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کیلیے وبال بن گئے،آسٹریلیا کیخلاف سیریز کے دوران گرین شرٹس نے 330 میں سے 130 گیندوں پرکوئی رن نہیں بنایا۔

سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر اپنے دور میں پاکستانی بیٹسمینوں کی ڈاٹ بال کھیلنے کی بیماری کا رونا روتے رہے، مصباح الحق کی کوچنگ میں اس مسئلہ میں کمی کے بجائے اضافہ ہی ہوا ہے۔

آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بارش کی وجہ سے گرین شرٹس نے90گیندوں کا سامنا کیا جن میں سے 31 پر کوئی رن نہیں بنا، کینبرا میں دوسرے میچ میں پاکستان نے 20 اوورز میں 38ڈاٹ بال کھیلیں، تیسرے میں 61گیندوں پر کوئی رن نہیں بنایا جاسکا،مجموعی طور پرگرین شرٹس نے تینوں میچز میں 330 میں سے 130ڈاٹ بال کھیلیں۔

پرتھ میں کھیلے جانے والے اس آخری میچ میں پاکستان نے 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 106رنز بنائے، پورے 20 اوورز کھیلنے کے باوجود یہ گرین شرٹس کا تیسرا کم ترین ٹوٹل ہے، اس سے قبل 2014میں دبئی میں ہونے والے مقابلے میں پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف 9وکٹ پر 96اور 2013میں جنوبی افریقہ سے میچ میں 9وکٹ پر 98رنز جوڑے تھے۔

دریں اثناگرین شرٹس نے رواں سال میں مسلسل شکستوں کا منہ دیکھا ہے،جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز کے پہلے میچ میں فتح کے بعد اگلے دونوں میں ناکامی کیساتھ سیریز گنوائی، انگلینڈ میں میزبان ٹیم کیخلاف کھیلے جانے والے واحد میچ میں مات ہوئی، سری لنکا نے ہوم گراؤنڈز پر 3-0سے کلین سوئپ کیا، اب آسٹریلیا نے 2-0سے زیر کرلیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں