اسلام آباد یونائیٹڈ نے ڈین جونز کو کوچنگ سے برطرف کردیا


اسلام آباد یونائیٹڈ نے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے اگلے سیزن سے قبل بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ہیڈ کوچ ڈین جونز کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔

سابق آسٹریلین آل راؤنڈ ڈین جونز نے ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالکان سے گفتگو کے بعد انہوں نے اگلے سیزن میں نئے کوچ کے ساتھ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈین جونز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے اس فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے مایوسی ہوئی کیونکہ ہم دو مرتبہ چیمپیئن بنے اور 8 میں سے 6 پلے آف جیتے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ 4سال بہت شاندار رہے، کئی نوجوان کھلاڑی اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کھیلے اور پھر پاکستان کی نمائندگی کی اور ان کھلاڑیوں کی بدولت ہم نے چیمپیئن شپ جیتیں۔

ڈین جونز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے سپورٹ اسٹاف کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں ریحان، حسان اور ڈیرن بیری سمیت تمام افراد کا بہت شکر گزار ہوں اور ہم اس دوران بہت لطف اندوز ہوئے۔

اس موقع پر انہوں نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو سپورٹ کرنے پر شائقین کے ساتھ ساتھ آخر میں ایک مرتبہ پھر کھلاڑیوں اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

یاد رہے ڈین جونز پی ایس ایل کے افتتاحی ایڈیشن سے اسلام آباد یونائیٹڈ سے بطور ہیڈ کوچ منسلک تھے اور ان کی کوچنگ میں یونائیٹڈ نے پہلے ایڈیشن کے ساتھ ساتھ لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں بھی چیمپیئن بننے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے بھی ڈین جونز کو ہیڈ کوچ کے عہدے سے ہٹانے کی تائید کرتے ہوئے اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور ڈین جونز نے راہیں جدا کر لیں۔

واضح رہے کہ اس حوالے سے کافی عرصے سے افواہیں زیر گردش تھیں کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ڈین جونز کو کوچنگ سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے تاہم فرنچائز کی جانب سے اب تک نئے نام کا اعلان نہیں کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ نئے کوچ کے بارے میں پہلے ہی فیصلہ کر چکی ہے اور دو مرتبہ کی چیمپیئن فرنچائز کے نئے کوچ ممکنہ طور پر قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ، چیف سلیکٹر اور بیٹنگ کوچ مصباح الحق ہوں گے اور اس بارے میں جلد اعلان کردیا جائے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں