فخرِ عالم کے تاریخی سفر ’مشن پرواز‘کی کہانی شائع


’مشن پرواز‘ پر دستاویزی فلم کے بعد پاکستانی اداکار و گلوکار فخرعالم نے اپنے تاریخی سفر کی کہانی کتاب کے ذریعے بھی شائع کردی۔

گزشتہ برس 3 نومبر کو فخر عالم نے تاریخی سفر ’مشن پرواز‘ مکمل کرکے پاکستان کا نام روشن کیا اور ساتھ ہی دنیا کا چکر لگانے والے پہلے پاکستانی ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔

فخر عالم کو ’مشن پرواز‘ مکمل کرنے پر حکومت پاکستان سمیت پوری قوم نے خوب سراہا اور انہیں فخر پاکستان قرار دیا۔

کچھ روز قبل ’مشن پرواز‘ کے ایک برس مکمل ہونے پر فخر عالم نے دستاویزی فلم جاری کی تھی اور یہ بھی اعلان کیا تھا کہ وہ جلد اپنے سفر کی کہانی کتاب کی شکل میں شائع کریں گے۔

اب فخرعالم نے ’مشن پرواز‘ کتاب شائع کردی ہے جس کے حوالے سے انہوں نے ٹوئٹر پرایک ویڈیو شیئر کی۔

ویڈیو میں انہوں نے بتایا کہ ’میرے لیے ماہ نومبر بہت خاص ہے کیونکہ 2 نومبر کو میرے بیٹے کی پیدائش ہوئی، 3 نومبر کو میں نے مشن پرواز مکمل کرکے دنیا کا سفر کرنے والے پہلے پاکستانی ہونے کی تاریخ رقم کی اور آج اہم بات یہ ہے کہ میری مشن پرواز کتاب بھی شائع ہوگئی ہے‘۔

فخر عالم کی کتاب ’مشن پرواز‘ کا سرورق—ٹوئٹر فوٹو 

دنیا کے 32 اسٹاپس کا سفر کرنے والے فخر عالم نے مزید بتایا کہ ’کتاب ’مشن پرواز‘ پاکستان کی تمام لبرٹی بُکس پر دستیاب ہے اور ممکن ہے کہ یہ ایمازون پر بھی جلد مہیا کی جائے‘۔

انہوں نے بتایا کہ آج کا دن اس لیے بھی خاص ہے کہ میں نے ’مشن پرواز‘ کی کاپیز صدر مملکت عارف علوی اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کو بھی پیش کی ہیں جس پر مجھے بے حد فخر ہے۔

خوشی کا اظہار کرتے ہوئے فخر عالم کا کہنا تھا کہ میرے لیے یہ اعزا زکی بات ہے کہ میں نے اپنی کتاب کی کاپی صدر مملکت کو ایوان صدر جا کر پیش کی جب کہ ترجمان پاک فوج کو جنرل ہیڈ کوارٹر(جی ایچ کیو) راولپنڈی جا کر دی ہے۔

تاریخی سفر ’مشن پرواز‘

یاد رہے کہ فخرِ عالم نے 10 اکتوبر 2018 کی صبح 7 بجے امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر واٹرز سے مشن پرواز کا آغاز کیا تھا جو کہ 28 دن پر محیط تھا۔

اس مشن کے تحت انہوں نے دنیا کے مختلف ممالک  میں 32 اسٹاپس کیے جن میں کینیڈا، گرین لینڈ، آئس لینڈ، برطانیہ، مصر، بحرین، ڈھاکا، بینکاک، جکارتا، سنگاپور، آسٹریلیا، فلپائن، جاپان، روس، الاسکا، دبئی اور فلوریڈا شامل ہیں۔

اس مشن کے دوران فخر عالم کو روس کے ائیرپر ویزہ ایکسپائر ہونے کی بناء پر حراست میں بھی لیا گیا تھا جس کے بعد انہوں نے حکومت پاکستان سے مدد کی اپیل کی تھی۔

بعدازاں دفتر خارجہ نے نوٹس لے کر پاکستانی سفارت خانے کو گلوکار کی مدد کی ہدایت کی تھی اور انہیں ویزہ فراہم کردیا گیا تھا۔

3 نومبر کو  فخر عالم فلوریڈا سے مشن پرواز مکمل کرکے پاکستان پہنچے۔

تاریخی سفر مکمل کرنے کے بعد انہوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ مشن پرواز کا خواب بھلے ان کا ہے لیکن یہ وطن عزیز سے منسلک ہے، اس کے تحت دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت عکس پیش ہوگا اور دنیا کو پتہ چلے گا کہ ہمارے پاس ڈاکٹرز، انجینیئرز، گلوکار، سائنسدان اور ہوا باز سب موجود ہیں۔‘


اپنا تبصرہ لکھیں