ہولی وڈ کی نامور اداکارہ جینفر انسٹن نے چند روز قبل انسٹاگرام کی دنیا میں قدم رکھ کر نیا ریکارڈ قائم کردیا تھا، جس کے بعد سے اب تک انہیں کروڑوں کی تعداد میں مداح فالو کرچکے ہیں۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر ڈیبیو اپنے کامیاب ڈراما ‘فرینڈز’ کی کاسٹ کے ساتھ لی گئی ایک تصویر کے ساتھ کیا تھا۔
یاد رہے کہ ‘فرینڈز’ سیریز 1994 میں شروع ہوئی تھی جو آج تک کامیاب ٹیلی ویژن سیریز مانی جاتی ہے اور اب اداکارہ نے پھر سے ٹیلی ویژن کی دنیا میں ایک منفرد ڈرامہ سیریز سے واپسی کی ہے۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق جینفر انسٹن جلد نے حال ہی میں شروع ہونے والی ’ایپل ٹی وی کی اسٹریمنگ‘ سروس پر نشر ہونے والے منفرد ریئلٹی ڈرامہ سیریز ’مارننگ شو‘ سے ٹی وی پر واپسی کی ہے، ساتھ ہی اس سیریز میں ان کے ساتھاداکارہ ریز ودرسپون اور اسٹیو کیرل بھی دکھائی دے رہے ہیں۔
جینفر انسٹن، ریز ودرسپون اور اسٹیو کیرل سمیت دیگر کاسٹ پر مبنی یہ ڈرامہ ’مارننگ شو‘ 10 اقساط پر مبنی ہوگا، جس میں جینفر انسٹن ایک صحافی کے روپ میں دکھائی دے رہی ہیں
اسی سیریز میں ریز ودرسپون ایک ایسی خاتون صحافی و اینکر کا کردار ادا کر رہی ہیں جو بعد ازاں جینفر انسٹن کی جگہ لیں گی۔
ڈرامے میں اداکار اسٹیو کیرل نے ایک مرد صحافی کا کردار ادا کیا ہے جن پر جنسی ہراساں کا الزام لگنے کے بعد انہیں نوکری سے نکال دیا جاتا ہے۔
اسٹیو کیرل پر جینفر انسٹن جنسی ہراسانی کا الزام لگائیں گی۔
دس اقساط پر مبنی اس ڈرامے کی پہلی قسط کو یکم نومبر کو ریلیز کیا گیا تھا، یہ ڈامہ ایپل ٹی وی کی اسٹریمنگ کا بھی آغاز بنا، ایپل ٹی وی نے رواں برس مارچ میں اپنی اسٹریمنگ سروس متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔
ایپل ٹی وی کی اسٹریمنگ سروس پر جہاں پہلا ہی ڈرامہ جینفر انسٹن جیسی کاسٹ پر مبنی ریلیز کیا گیا، وہیں اسی اسٹریمنگ سروس پر دیگر کئی منفرد اور بڑی کاسٹ کے پروگرام بھی نشر کیے گئے۔
’دی انڈیپینڈنٹ‘ کی رپورٹ کے مطابق جینفر انسٹن کے ڈرامہ سیریز ‘مارننگ شو‘ کی پہلی قسط میں اداکارہ ریز ودرسپون نے خود کو جنسی ہراساں کیے جانے کے حوالے سے بھی بات کی اور بتایا کہ وہ کیوں کئی سال تک جنسی ہراسانی کے معاملے پر خاموش رہیں۔
اداکارہ نے ڈرامے میں جینفر انسٹن سے بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہیں پہلی بار 16 برس کی عمر میں جنسی طور پر ہراساں کیا گیا تھا، تاہم وہ خود کو ہراساں کیے جانے پر خاموش رہیں۔
اداکارہ نے اعتراف کیا کہ وہ اپنی ملازمت بچانے اور کیریئر بنانے کی وجہ سے خاموش رہیں، جس پر انہیں اب شرمندگی بھی ہوتی ہیں۔
اداکارہ نے مزید انکشاف کیا کہ انہیں ایک یا دو بار نہیں بلکہ متعدد بار جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا گیا، تاہم اداکارہ نے جنسی طور پر ہراساں کرنے والے دیگر افراد کا نام نہیں لیا۔
ریز ودرسپون کے مطابق انہیں 16 برس کی عمر میں اپنے ڈائریکٹر نے جنسی طور پر ہراساں کیا تھا۔
خیال رہے کہ ’مارننگ شو‘ نامی اس منفرد ڈرامہ سیریز کی تھیم کچھ اس طرح رکھی گئی ہے کہ اس میں حقیقی واقعات کو بھی بیان کیا جائے گا اور جنسی ہراساں ہونے والی خواتین کے واقعات بھی پیش کیے جائیں گے۔