’جوانی پھر نہیں آنی‘ کے بعد ہمایوں سعید اور واسع چوہدری کی فلم ’نرم گرم‘


کچھ دن قبل ہی اس بات کی تصدیق سامنے آئی تھی کہ آنے والی رومانٹک مصالحہ فلم ’لندن نہیں جاؤں گا‘ میں ہمایوں سعید اور مہوش حیات ایک بار پھر رومانس کرتے دکھائی دیں گے۔

ان دونوں کی جوڑی کو ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ میں بھی بہت سراہا گیا تھا اور اب دونوں ’لندن نہیں جاؤں گا‘ میں بھی ایک ساتھ دکھائی دیں گے۔

ساتھ ہی اس بات کی بھی وضاحت کی تھی کہ ’لندن نہیں جاؤں گا‘ سیکوئل نہیں ہے بلکہ یہ ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ سے مختلف ہوگی۔

اور اب خبر سامنے آئی ہے کہ ہمایوں سعید ’جوانی پھر نہیں آنی‘ کے ساتھی اداکار واسع چوہدری کی لکھی گئی اگلی فلم ’نرم گرم‘ کو بھی پروڈیوس کریں گے۔

جی ہاں، ہمایوں سعید نے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ ہی واسع چوہدری کی آنے والی فلم ’نرم گرم‘ کو پروڈیوس کریں گے۔

مہوش حیات اور ہمایوں سعید لندن نہیں جاؤں گا میں بھی ایک ساتھ دکھائی دیں گے—اسکرین شاٹ
مہوش حیات اور ہمایوں سعید لندن نہیں جاؤں گا میں بھی ایک ساتھ دکھائی دیں گے—اسکرین شاٹ

ہمایوں سعید نے فلم کے حوالے سے تفصیلات بتائے ہوئے انکشاف کیا کہ فلم کی کہانی 2 مرد مرکزی اداکاروں کے گرد گھومتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’لندن نہیں جاؤں گا‘ ہمایوں سعید اور مہوش کی رومانوی کہانی

انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی ایک مرکزی مرد کا کردار واسع چوہدری ادا کریں گے، تاہم تاحال دوسرے اداکار کو کاسٹ کرنے کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔

ساتھ ہی ہمایوں سعید نے بتایا کہ فلم کی مرکزی اداکاراؤں سمیت دیگر کاسٹ کے حوالے سے بھی کوئی فیصلہ نہیں کیا جا سکا۔

اداکار نے بتایا کہ اگرچہ یہ بھی واضح نہیں ہے کہ فلم کو کب تک ریلیز کیا جائے گا، تاہم اس کی شوٹنگ پاکستان میں ہی کی جائے گی۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ ’نرم گرم‘ کے حوالے سے جلد ہی فلم کی ٹیم دیگر کاسٹ اور اسے ریلیز کرنے کی تاریخ کا اعلان کرے گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں