مشکلات سے دوچار صنعتوں کی بحالی کیلئے ایس ای سی پی کے خصوصی رولز جاری


سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد مالی مشکلات کے شکار اداروں کی بحالی کے لیے کارپوریٹ ری اسٹرکچرنگ کمپنیز کے رولز 2019 جاری کر دیے۔

کارپوریٹ ری اسٹرکچرنگ کمپنیوں کے ایکٹ کی دفعہ 15 کے تحت جاری ان ضوابط کے تحت بیمار مالیاتی اداروں اور صنعتوں کی بحالی کے لیے ریگولیٹری فریم ورک فراہم کر دیا گیا ہے۔

ایس ای سی پی کے مطابق مالیاتی اداروں کے غیرفعال اثاثہ جات اور مالی مسائل کے شکار اداروں کی بحالی کے لیے خصوصی کمپنیوں کا قیام ایک انقلابی اقدام ثابت ہو گا جس سے ان اثاثوں کو منافع بخش بنایا جا سکے گا اور ملک کی معاشی ترقی میں معاون ہوں گے۔

قبل ازیں پارلیمنٹ نے کارپوریٹ ری اسٹرکچرنگ کا قانون منظور کر لیا تھا جس کے تحت بیمار صنعتوں اور اداروں کی بحالی کے لیے خصوصی کمپنیوں کے قیام، ان کو لائسنس کا اجرا اور کمپنیوں کی بحالی کو صنعت کا درجہ دیا گیا تھا۔

ایس ای سی پی کی جانب سے جاری قوائد میں کارپوریٹ بحالی کے لیے کام کرنے والی ان کمپنیوں کوایک جامع ریگولیٹری فریم ورک مہیا کر دیا گیا ہے۔

اس قانون کی شق 4 کے تحت کارپوریٹ ری اسٹرکچرنگ کے لیے کمپنیاں اسی ای سی پی کے ساتھ بطور پبلک لمیٹڈ کمپنیاں رجسٹر ہوں گی اور ان کمپنیوں کو ایس ای سی پی سے لائسنس جاری کیا جائے گا۔

کارپوریٹ ری اسٹرکچرنگ کے لیے قائم خصوصی کمپنیاں مالی مسائل کا شکار کمپنیوں اور بیمار صنعتوں کا انتظام سنبھال کر ان کو بحال کریں گی یا ان کے کاروبار اور اثاثہ جات کو ٹھکانے لگائیں گی۔

ان قواعد کے تحت خصوصی کمپنیاں مالی مسائل کے شکار اداروں کی بحالی کی باقاعدہ منصوبہ بندی کریں گی اور بحالی کے لیے مالی وسائل بھی فراہم کریں گی۔

ایس ای سی پی کے اعلامیے کے مطابق کارپوریٹ ری اسٹرکچرنگ قانون کے بعد اب مالیاتی ادارے اپنے ناقص اثاثہ جات سمیت تمام اختیارات کو بحالی کے لیے ان خصوصی کمپنیوں کو منتقل کر سکیں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جدید دنیا میں بیمار صنعتوں کی بحالی کا قانون اور ایسی خصوصی کمپنیاں مالی مسائل کے شکار اداروں کی بحالی کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہی اور بیمار صنعتوں کی بحالی ایک اسپشیلائزڈ فیلڈ بن چکی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں