راولپنڈی کے محلے اریا میں پولیس نے خاتون کو 2 دن کی بچی فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پولیس کے مطابق مشتبہ خاتون کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ‘زیر حراست خاتون لیڈی ہیلتھ ورکر ہے تاہم بچی کو پنجاب چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کردیا’۔
وارث خان پولیس اسٹیشن کے اے ایس آئی محبوب الرحمٰن نے بتایا کہ علاقہ مکین نے ریسکیو 15 پر اطلاع دی کہ اریا محلے میں لیڈی ہیلتھ ورکر دو دن کی بچی کو ایک لاکھ 50 ہزار روپے میں فروخت کررہی ہے۔
اے ایس آئی نے بتایا کہ پولیس مذکورہ علاقے میں گشت پر تھی، اطلاع ملتے ہیں خاتون کو حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 370، 496 بی اور 328 اور کنٹرول آف ہیومن ٹریفکنگ آرڈیننس کے تحت مشتبہ خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
اے ایس آئی نےبتایا کہ زیر حراست خاتون کے مطابق وہ لیڈی ہیلتھ ورکر ہے اور غریب آباد کے بیسک ہیلتھ یونٹ میں کام کرتی ہے۔ زیر حراست خاتون نے پولیس کو بتایا کہ ‘ایک اور خاتون نے ان سے رابطہ کیا جسے بچی حوالے کرنا تھا’۔
تفتیشی پولیس افسر نے شکایت کنندہ کے حوالے سےبتایا کہ شکایت کنندہ زیر حراست خاتون کا بھائی ہے اور وہ اپنی بہن سے 40 ہزار روپے کے عوض بچی کو خریدنے کا خواہش مند تھا۔
علاوہ ازیں بتایا گیا کہ خاتون کے بھائی نے پولیس میں اس لیے شکایت درج کرائی کیونکہ اس کی بہن بچی کی زائد قیمت وصول کررہی تھی۔
اے ایس آئی رحمٰن نے بتایا کہ پولیس نے مشتبہ زیر حراست خاتون کو یاسر چوہدری کی مجسٹریٹ عدالت میں پیش کیا جہاں انہوں نے ملزمہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا۔
انہوں نے بتایا کہ بچی کو پنجاب چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں بھیج دیا گیا لیکن بچی کی والدہ کو گرفتار کرنے کے لیے وارنٹ گرفتاری حاصل کریں گے۔