سانحہ تیزگام پر اظہار یکجہتی: کوک اسٹوڈیو نے تیسری قسط روک دی


سانحہ تیزگام کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کوک اسٹوڈیو نے سیزن 12 کی تیسری قسط کی ریلیز  روک دی۔

اب تک کوک اسٹوڈیو سیزن 12 کی دو اقساط ریلیز ہو چکی ہیں اور آج  اس کی تیسری قسط کو ریلیز ہونا تھا لیکن کوک اسٹوڈیو کی انتظامیہ نے سانحہ تیزگام کے لواحقین کے دکھ میں شریک ہوتے ہوئے اس کی ریلیز  منسوخ کر دی ہے۔

کوک اسٹوڈیو نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے سانحہ تیزگام کا شکار ہونے والے خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے رنج و غم کا اظہار کیا۔

کوک اسٹوڈیو سیزن 12 کی آج تیسری قسط میں گلوکار عاطف اسلم اور بلوچی بینڈ بنور کا ’مبارک مبارک‘ ریلیز ہونا تھا۔

ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ سانحہ تیزگام میں متاثر ہونے والے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کوک اسٹوڈیو سیزن 12 کی تیسری قسط آج ریلیز نہیں ہوگی۔

کوک اسٹوڈیو انتظامیہ نے کہا کہ ہماری دعائیں ان تمام خاندانوں اور  ہر اس فرد کے ساتھ ہیں جو اس حادثے میں متاثر ہوئے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز  رحیم یار خان کے قریب کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں آتشزدگی کے باعث 74 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔


اپنا تبصرہ لکھیں