موجودہ اور آئندہ دور میں تعلیم کی اہمیت سے انکار ناممکن ہے لیکن اس کے باوجود تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہےکہ طلبا کی زیادہ تر تعداد یونیورسٹی میں صرف 2 گھنٹے کا لیکچر لیتی ہے۔
برطانیہ میں کی گئی تحقیق کے مطابق یونیورسٹی کے طلبا سالانہ 11 ہزار 663 سے زائد ڈالرز یونیورسٹی کی فیس ادا کرتے ہیں اور یہ بات جاننے کے باوجود بھی وہ دن میں دو سے بھی کم گھنٹے لیکچر میں شرکت کرتے ہیں۔
اس سروے میں 30 ہزار سے زائد طلبا و طالبات شامل تھے اور ان کا تعلق برطانیہ کے 31 انسٹی ٹیوٹ سے تھا۔
سروے کے مطابق یونیورسٹی کے 54 فیصد طلبا باقاعدہ کلاسس اور سیمینار میں ہفتے میں 11 گھنٹوں سے بھی کم وقت گزارتے ہیں۔
ایجوکیشن کنسلٹنسی ایڈوانس کے اس سروے میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے والے 24 فیصد طلبا پڑھائی کے دوران یونیورسٹی چھوڑنے پر بھی غور کرتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق آرٹس کے مضامین، جن میں انگریزی اور تاریخ وغیرہ شامل ہیں، ان مضامین کے طلبا توقع کرتے ہیں کہ یہ آزادانہ طور پر کام کرنے میں زیادہ وقت گزاریں۔
یہ تحقیق ایسے طلبا کے لیے لمحہ فکریہ ہے جو اعلیٰ تعلیم پر لاکھوں روپے خرچ کرنے کے باوجود بھی اس میں سنجیدہ نہیں ہوتے۔