سمندری طوفان ’ماہا‘ شدت اختیار کرنے لگا


بحیرہ عرب میں سمندری طوفان ’کیار‘  دم توڑ رہا ہے  لیکن ایک دوسرا سمندری طوفان ’ماہا‘ شدت اختیار کر رہا ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز  نے بتایا کہ بحیرہ عرب میں دوسرا بڑا سپر سائکلون کیار دم توڑ رہا ہے کیونکہ کیار ڈپریشن میں تبدیل ہوگیا ہے اور  آج دوپہر تک یہ  سمندر میں ہی دم توڑ دے گا۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ کیار کے بعد بحیرہ عرب میں دوسرا سمندری طوفان ’ماہا‘ شدت اختیار کر رہا ہے، ماہا کیٹیگری ون کے طوفان میں تبدیل ہوچکا ہے جو آنے والے دنوں میں شدت اختیار کر سکتا ہے۔

سردار سرفراز  کا کہنا تھا کہ سائیکلون ماہا کراچی کے جنوب مشرق سے1140 کلومیٹر دور ہے جس کے مرکز میں ہوائیں 90 سے 110کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  آئندہ 24گھنٹوں کے دوران سائیکلون ماہا کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ طاقتور ترین سمندری طوفان ’کیار‘ پاکستان سے ٹکرائے بغیر عمان طرف رُخ کرگیا لیکن طوفان نے 700 کلومیٹر کے فاصلے سے ہی سندھ اور بلوچستان کے سمندر میں طغیانی پیدا کردی تھی جس سے ساحلی بستیاں زیر آب آگئ تھیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں