ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز بحال کردی گئیں، پی ٹی سی ایل


پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کا کہنا ہے کہ 2 بین الاقوامی زیر آب کیبلز میں آنے والی خرابی کو دور کرنے کے بعد ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز مکمل طور بحال کردی گئی ہیں۔

ترجمان پی ٹی سی ایل نے اس حوالے سے جاری بیان میں صارفین کو انٹرنیٹ سروس کے استعمال میں پیدا ہونے والی دشواری پر معذرت بھی کی۔

علاوہ ازیں ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے ٹوئٹ میں پی ٹی سی ایل نے تصدیق کی زیر آب موجود کیبلز میں اے اے ای (1 AAE) خراب نہیں ہوئی تھی۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ترجمان نے بھی ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز کو مکمل طور پر بحال کرنے کی تصدیق کی۔

ترجمان پی ٹی اے نے کہا کہ 2 انٹرنیشنل کیبلز میں آنے والی خرابی کو دور کرلیا گیا ہے، ایس ایم ڈبلیو 4 (SEAMEWE 4) کو صبح ایک بج کر 35 منٹ پر جبکہ ای ایم ای ڈبلیو ای (IMEWE)کو صبح 4 بج کر 13 منٹ پر بحال کیا گیا۔

گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں پی ٹی سی ایل نے کہا تھا کہ ‘زیرآب کیبل میں خرابی کی وجہ سے پاکستان سمیت متعدد ممالک میں انٹرنیٹ سروسز متاثر ہوئی ہیں’۔

مذکورہ سوشل میڈیا پوسٹ کے مطابق ادارے کی تکنیکی ٹیمیں انٹرنیٹ سروس کی مکمل بحالی کے لیے کام کررہی ہیں اور اس حوالے سے ادارہ مشکلات پر صارفین سے معذرت خواہ ہے۔

پرو پاکستانی کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ آئی ایم ای ڈبلیو ای (IMEWE) اور ایس ای اے ایم ای ڈبلیو ای 4 (SEAMEWE 4) انٹرنیٹ کیبل خرابی کے باعث آف لائن ہوئی ہیں جو لگ بھگ 50 فیصد پاکستانی انٹرنیٹ ٹریفک کا بوجھ اٹھائے ہوئے تھیں۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ان کیبلز میں آنے والی خرابی کے مقام کا تعین تاحال نہیں ہوسکا مگر اس کے نتیجے میں پاکستان بھر میں انٹرنیٹ صارفین کو سست انٹرنیٹ اسپیڈ کا سامنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق آئی ایس پیز نے انٹرنیٹ میں مسائل کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انٹرنیٹ لوڈ کو دیگر زیرآب سسٹمز پر منتقل کررہے ہیں، جس سے کسی حد تک بہتری آئے گی مگر سروس مکمل طور پر بحال اسی وقت ہوگی جب خراب کیبلز کی مرمت ہوجائے گی۔

اس سے قبل رواں برس جون میں مختلف زیر آب کیبلز میں خرابی سے انٹرنیٹ سروسز متاثر ہوئی تھیں۔

واضح رہے کہ 2017 میں آئی ایم ای ڈبلیو ای میں خرابی کے نتیجے میں ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز لگ بھگ 2 دن تک متاثر رہی تھیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں