روئی اور پھٹی کی قیمتیں 9 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں


کراچی: ملک میں کپاس کی گھٹتی ہوئی پیداوار روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں ریکارڈ تیزی کا باعث بن گئی ہے جس کے نتیجے میں مقامی کاٹن مارکیٹس میں روئی اور پھٹی کی قیمتیں 9سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔

چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں پیر کو معمول کی روئی کی فی من قیمت 200 روپے کے اضافے سے9 ہزار 500 روپے ہوگئی جبکہ پریمیئم کوالٹی روئی کی قیمت بڑھ کر 9 ہزار 700 روپے کی سطح تک پہنچ گئی۔ اسی طرح فی40کلوگرام پھٹی کی قیمت بڑھ کر 4 ہزار 800 سے 5 ہزار روپے کی سطح تک پہنچ گئی ہیں۔ شعبہ ٹیکسٹائل کی طلب میں مزید اضافے کی صورت میں آنے والے چند دنوں کے دوران روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں مزید تیزی کا رجحان غالب ہوسکتاہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں رواں سال کپاس کی مجموعی ملکی پیداوار توقعات سے کم ہونے جبکہ بین الاقوامی منڈیوں میں روئی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے رجحان اور پاکستان سے سوتی دھاگے اور گرے کلاتھ کی برآمدات میں اضافے کے رجحان کے باعث روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان سامنے آیا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں