فیشن ویک میں مرد ماڈل کی جانب سے خاتون کے جوتے اٹھاکر واک کرنے کی تعریفیں

فیشن ویک میں مرد ماڈل کی جانب سے خاتون کے جوتے اٹھاکر واک کرنے کی تعریفیں


کراچی میں منعقد ہونے والے فیشن پاکستان ویک (ایف پی ڈبلیو) میں جہاں ریمپ پر واک کرنے والے اداکار و اداکارائیں کی کیٹ واک مذاق بنی تھی۔

وہیں ماڈل و اداکارہ حنا الطاف کی بھی لہراتی، بل کھاتی اور گر گراتی کیٹ واک کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی۔

اسی فیشن ویک میں وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم کے لباس میں ایک اور خاتون ماڈل کے الجھ کر لڑ کھڑا کر گرنے کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی۔

اور اب وہی اسی فیشن ویک کی ایک اور ویڈیو سامنے آئی ہے جو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور ساتھ ہی اس ویڈیو کی تعریف بھی کی جا رہی ہے۔

فیشن پاکستان ویک میں ایک برانڈ کی تشہیر کے دوران متعدد ماڈلز ایک ساتھ ریمپ پر واک کرنے آئے اور ان ماڈلز میں کیشا صدیقی اور سبحان اعوان بھی شامل تھے۔

تاہم ماڈلز کے اس گروپ کی کیٹ واک کی ویڈیو اس وقت وائرل ہوئی جب ماڈل کیشا صدیقی کی اچانک ریمپ پر سینڈل ٹوٹ گئی اور وہ ابتدائی طور پر قدرے پریشان دکھائی دیں۔

جس وقت کیشا صدیقی کی سینڈل ٹوٹی اس وقت وہ مرد ماڈل سبحان اعوان کے ساتھ تھیں اور ایسے موقع پر مرد ماڈل نے خاتون ماڈل کو سہارا دیتے ہوئے پہلے ان کے سینڈل کو ٹھیک کرنے کی کوشش کی اور بعد ازاں ان کے دونوں سینڈل ہاتھ میں لے کر کیٹ واک کرنے لگ گئے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سینڈل ٹوٹتے وقت سبحان اعوان خاتون ماڈل کیشا صدیقی کے ساتھ کھڑے رہے اور ان کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کرتے رہے، تاہم جب سینڈل درست نہ ہوئی تو وہ خاتون کی سینڈل ہاتھوں میں اٹھا کر واک کرنے لگے۔

ماڈل سبحان اعوان کی جانب سے سینڈل ٹوٹتے وقت ساتھ دیے جانے پر کیشا صدیقی میں اعتماد نظر آیا اور وہ مسکرا کر ان کے ہاتھ میں ہاتھ دے کر کیٹ واک کرتی دکھائی دیں۔

بعد ازاں اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کئی افراد اور خاص طور پر خواتین نے ان کی تعریف کی اور ان کی تعریف کرنے والوں میں اداکارہ مہوش حیات بھی شامل تھیں۔

سبحان اعوان نے بھی اس واقعے کی ویڈیو اپنے انسٹاگرام پر شیئر کی اور ساتھ ہی انہوں نے ساتھی خاتون ماڈل کیشا صدیقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں