شائقین میں بیٹھ کربیوی کی کامیابی کو سراہنے پر فواد خان کے سوشل میڈیا پرچرچے


کراچی: پاکستانی سپر اسٹار فواد خان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ شائقین میں بیٹھ کر اپنی اہلیہ صدف خان کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

کراچی میں منعقد ہونے والے 3 روزہ  فیشن پاکستان ویک کے آخری روز اداکار فواد خان کی اہلیہ صدف خان نے اپنے ملبوسات شائقین کے سامنے پیش کیے۔ تاہم اس دوران اداکار فواد خان نہ صرف اپنی اہلیہ کی سپورٹ کے لیے موجود تھے بلکہ انہوں نےشائقین کے ساتھ بیٹھ کر اپنی بیوی کا حوصلہ بڑھایا

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب صدف خان شو اسٹاپر ہانیہ عامر اورفیروز خان کے ساتھ ریمپ پر آئیں تو فواد خان پہلی صف میں بیٹھ کر موبائل فون سے ان کی ویڈیو بناتے رہے۔

ایونٹ میں گلوکار عاصم اظہر بھی موجود تھے جو فیشن پاکستان ویک میں ماڈلنگ کے بجائےاپنی دوست اور مبینہ گرل فرینڈ ہانیہ عامر کی سپورٹ کے لیے موجود تھے۔ ہانیہ عامر کی ریمپ پر واک کے دوران عاصم اظہر بھی ان کی ویڈیو بناتے رہے۔

سوشل میڈیا پر فواد خان اور عاصم اظہر کی بے حد تعریف کی جارہی ہے اور سوشل میڈیا صارفین فواد خان کو اپنی اہلیہ صدف سے محبت کرنے کے ساتھ انہیں عزت دینے اور ان کا ساتھ دینے پر سراہ رہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں