جعلی اکاؤنٹس کیس: لیاقت قائم خانی کا گھر سے برآمد اشیاء کی ملکیت ماننے سے انکار


جعلی اکاؤنٹس کیس کے ملزم لیاقت قائم خانی نےگھر سے برآمد اکثر اشیاء کی ملکیت ماننے سے انکار کردیا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) ذرائع کے مطابق میئر کراچی کے مشیر ملزم لیاقت قائم خانی نے فنگرپرنٹ سے کھولے گئے لاکر سے برآمد اکثر قیمتی جواہرات سے بھی لاتعلقی ظاہر کی ہے۔

وسیم اختر کے مشیر لیاقت قائم خانی کے گھر سے 10 ارب روپے مالیت کی اشیاء برآمد

ذرائع نے بتایا کہ ملزم لیاقت قائم خانی کا بیان میں کہنا ہے کہ 8 بھائی ہیں اور سب مشترکہ خاندانی نظام میں رہتے ہیں، گھر سے برآمد ساری گاڑیاں میری نہیں بلکہ خاندان اور دیگر  پارٹنرز کی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ملزم لیاقت قائم خانی کا 14 روزہ ریمانڈ پیر کے روز ختم ہورہا ہے جنہیں مزید ریمانڈ کیلئے احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں میئر کراچی کے مشیر لیاقت قائم خانی کے گھر پر قومی احتساب بیورو (نیب) نے چھاپہ مارا تو گھر سے 8 قیمتی چمچماتی امپورٹڈ لگژری گاڑیاں برآمد ہوئیں تھیں۔

گھر کے اندر سے سونے کے کنگن، ہار، ہیرے جواہرات، جائیدادوں کی فائلیں، اسلحہ اور دو لاکرز بھی برآمد ہوئے تھے جن کی مالیت 10 ارب روپے سے زائد تھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں