جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ مدارس کو کسی کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔
چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا تھا کہ مولانا اپنی ڈوبتی ہوئی سیاست کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، مولانا فضل الرحمان مدارس اصلاحات سے خوفزدہ ہیں کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ اگر مدارس میں اصلاحات ہو گئیں تو وہ مدارس کے طلباء کو استعمال نہیں کر سکیں گے۔
جے یو آئی کے زیر اہتمام آزادی مارچ کنونشن سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کی کشتی ہچکولے کھا رہی ہے۔
مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کشمیر کی جنگ ہم لڑ رہے ہیں، تقریر پر خوشیاں منانے والے تو یو ٹرن کے ماہر ہیں۔
وزیراعظم کے مدارس میں اصلاحات سے متعلق بیان پر سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ مدارس کو قومی دھارے میں لانے والے خود اسلامی دھارے میں آجائیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم مدارس کو کسی کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔
آزادی مارچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر کو ملک بھر سے قافلے اسلام آباد کی طرف روانہ ہوں گے۔