وسیم اختر نے فیصل واوڈا کو ان گائیڈڈ میزائل قرار دیدیا


میئر کراچی وسیم اختر نے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کو ان گائیڈڈ میزائل قرار دیدیا۔

کراچی میں عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی کا کہنا تھا کہ مزار کے انتظامات اچھے ہیں، آئندہ سال انتظامات کو مزید بہتر بنائیں گے۔

فیصل واوڈا سے متعلق سوال پر وسیم اختر نے کہا کہ فیصل واوڈا ان گائیڈیڈ میزائل ہے، میرے پاس اُن کی بیوقوفی کا جواب نہیں ہے، وزیراعظم انہیں کنٹرول کریں۔

میئر کراچی وسیم اختر کرپٹ ہیں: فیصل واوڈا اپنے مؤقف پر ڈٹ گئے

وسیم اختر نے کہا کہ عمران خان ایم کیو ایم کے ووٹوں سے وزیر اعظم بنے ہیں، اگر وفاقی وزراء کو لگام نہیں دیا گیا تو ہمیں بھی ساتھ رہنے کے بارے میں سوچنا پڑے گا۔

میئر کراچی نے کہا کہ کراچی میں مکھیوں اور مچھروں کے خاتمے کے لیے فیومیگیشن کا سلسلہ شروع کریں گے، مارے پاس تودوائی بھی موجود نہیں، وہ بھی کسی نے دی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وسیم اختر کرپٹ ہیں اور ان کی کرپشن کے حوالے سے اپنے مؤقف پر قائم ہوں۔


اپنا تبصرہ لکھیں