بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کو ایک مرتبہ پھر اپنی پرانی ٹوئٹر کی وجہ سے تنقید کا سامنا ہے۔
پریانکا چوپڑا نے رواں برس فروری میں اپنی ایک ٹوئٹ میں بھارت کے پلوامہ حملے کو سراہا اور پاکستان بھارت جنگ کو بڑھاوا دینے کا تاثر دیا تھا۔
اگر کوئی بھارتی اداکار یا اداکارہ ایسا بیان دیتا تو اسے اہمیت نہیں ملتی لیکن اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف کی خیرسگالی کی سفیر ہونے کی وجہ سے پریکانکا کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
اب امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں منعقد ایک بیوٹی ایونٹ میں پریانکا کو ایک پاکستان نژاد امریکی خاتون نے منافق کہا۔
ایونٹ کے دوران اداکارہ سے سوال و جواب کا سیشن ہوا جس میں ایک عائشہ ملک نے کیا کہ’ آپ کی پڑوسی ہونے کی وجہ سے مجھے معلوم ہے کہ آپ تھوڑی منافق ہیں’۔
انہوں نے کہا کہ آپ امن کے لیے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف کی خیرسگالی سفیر ہیں لیکن آپ نے ایٹمی لڑائی کو ترجیح دی جس میں کسی کی جیت نہیں۔
عائشہ ملک نے اداکارہ کو پاکستان پر حملہ کرنے کی حمایت پر تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ‘میری طرح کروڑوں پاکستانیوں نے آپ کو اور آپ کے بالی وڈ بزنس کو سپورٹ کیا ہے اور آپ انہی کے لیے ایٹمی جنگ چاہتی ہیں۔’
بعدازاں انتظامیہ کی جانب سے عائشہ سے مائیک لے لیا گیا لیکن وہ اداکارہ سے شکوہ کرتی رہیں۔
عائشہ ملک کے خاموش ہونے کے بعد پریانکا کا کہنا تھا کہ “میرے پاکستان سے کئی دوست ہیں اور میں بھارت سے ہوں۔۔۔میں جنگ کی شوقین نہیں لیکن میں محب وطن ہوں’۔
پریانکا نے جواب دیتے ہوئے مزید کہا کہ ‘ میں ان سب سے معافی چاہتی ہوں جو مجھے پسند کرتے ہیں یا جو کرتے تھے اگر ان کے جذبات مجروح ہوئے لیکن مجھے لگتا ہے کہ ہم سب کے کچھ پیمانے ہوتے ہیں جس پر ہمیں چلنا ہوتا ہے یقیناً آپ کے بھی کچھ ہوں گے۔’
آخر میں اداکارہ نے عائشہ ملک کو ٹوکتے ہوئے کہا کہ چینخیں مت ہم سب یہاں محبت کے لیے ہیں لیکن شکریہ آپ کے جذبے ، سوال اور آواز کا۔
بعدازاں عائشہ ملک نے مذکورہ ایونٹ کے حوالے سے ٹوئٹر پر لکھا کہ ‘میں وہ لڑکی ہوں جو پریانکا چوپڑا پر چیخی تھی’۔
عائشہ لکھتی ہیں ‘اداکارہ کی جانب سے یہ سننا انتہائی مشکل تھا کہ ‘ہمیں ہمسایہ ہونا چاہیے اور ایک دوسرے سے محبت کرنی چاہیے’، وہ یہ مشورہ اپنے وزیراعظم مودی کو دیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ بھارت اور پاکستان دونوں خطرے میں تھے اور اس کے باوجود انہوں نے ایٹمی جنگ کی حمایت کی۔
انہوں نے لکھا کہ اداکارہ نے خود برا رویہ اپنایا اور پھر اپنا بیانیہ مجھ پر ڈال کر مجھے بدتمیز قرار دے رہی ہیں۔