پی سی بی کا کوچنگ اسٹاف تبدیل کرنے کا فیصلہ


‏پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

‏پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کرکٹ کمیٹی کی سفارشات تسلیم کرتے ہوئے کوچنگ اسٹاف کے معاہدوں میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر سمیت دیگر کوچنگ اسٹاف کے معاہدوں کی مدت ورلڈ کپ کے بعد ختم ہو رہی تھی۔

ہیڈ کوچ مکی آرتھر، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، بالنگ کوچ اظہر محمود اور ٹرینر گرانٹ لوڈن کے معاہدوں میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مکی آرتھر نے ورلڈ کپ کے بعد بھی قومی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کی امید لگا لی

پی سی بی کا کہنا ہے کہ کرکٹ کمیٹی کے اراکین نے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ کوچنگ اسٹاف کے معاہدوں میں توسیع نہ کی جائے، جس کے بعد اب چاروں عہدوں کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ جلد اشتہار دے گا جس کے ذریعے نئی تعیناتیاں ہوں گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ کرکٹ کمیٹی نے نئے کوچنگ اسٹاف کے لیے مکمل اتفاق کیا ہے اور کوچز کی کارکردگی کا جائزہ لینے والی کمیٹی تجربہ کار لوگوں پر مشتمل ہے۔

احسان مانی نے تمام کوچز کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے فیصلے کرتے رہیں گے۔

‏پاکستان ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں شامل فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈ برن اور فزیو کلائیو ڈیکن کے ابھی معاہدوں کی مدت ختم نہیں ہوئی اس لیے وہ خدمات انجام دیتے رہیں گے جب کہ دیگر اسٹاف کے معاہدے 15 اگست کو ختم ہو رہے ہیں۔

ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی اوسط درجے کی کارکردگی کے بعد پی سی بی نے کرکٹ کمیٹی کو ذمہ داری سونپی کہ وہ کارکردگی کا جائزہ لے۔

قومی ٹیم تاریخ کے مہنگے ترین کوچنگ اسٹاف کے ہمراہ ورلڈ کپ کا معرکہ سر کرے گی

کرکٹ کمیٹی کا اجلاس 2 اگست کو لاہور میں ہوا جب کہ گزشتہ روز سفارشات کو حتمی شکل دے کر پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی کو بھجوائیں گئیں۔

پہلے مرحلے میں کرکٹ کمیٹی کا فوکس کوچنگ اسٹاف کی کارکردگی پر رہا۔


اپنا تبصرہ لکھیں