لندن: برطانیہ کی سرکاری ائیرلائن برٹش ائیرویز کا آئی ٹی سسٹم بیٹھنے سے فلائٹوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوگیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق برٹش ائیرویز کے آئی ٹی سسٹم میں خرابی سے لندن کے ہیتھرو ائیرپورٹ پر 81 اور گیٹ وک ائیرپورٹ پر 10 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں جب کہ سسٹم میں خرابی سے 200 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔
برٹش ائیرویز کا کہناہے کہ سسٹم میں خرابی کے بعد ائیرپورٹس پر مینوئل طریقے سے چیک ان کیا جارہا ہے۔
ائیرلائن نے خرابی پر مسافروں سے معذرت کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ لندن، ہیتھرو اور گیٹ ائیرپورٹ سے کسی اور دن کی بکنگ کراسکتے ہیں۔
ائیرلائن کی جانب سے مسافروں کو ائیرپورٹس آمد سے قبل معلومات لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ائیرلائن کے مطابق بین الاقوامی طور پر نظام میں کوئی خرابی نہیں تاہم دو الگ سسٹم میں خرابی پیدا ہوئی جن میں ایک آن لائن چیک اور دوسرا پروازوں کی روانگی سے منسلک ہے جس کے باعث ہر ائیرپورٹ کے بجائے صرف اس نیٹ ورک سے منسلک ائیرپورٹس پر کام متاثر ہورہا ہے۔
ائیرلائن کے سسٹم میں خرابی سے ائیرپورٹس پر موجود مسافروں نے سوشل میڈیا پر قطاروں کی تصاویر شیئر کیں اور ائیرلائن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔