پنڈی اسلام آباد میں تیز بارش کے بعد رین ایمرجنسی نافذ، نالہ لئی میں طغیانی


پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جب کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

مینیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) واسا محمد تنویر کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں رات گئے 77 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس کے باعث جڑواں شہروں میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

تیز بارش کے باعث راولپنڈی کے کئی علاقوں میں بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا جہاں رات 12 بجے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

ترجمان آئیسکو کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں بجلی بحالی کا کام جاری ہے، عملے نے ساری رات کام کیا اور تقریباً 90 فیصد متاثرہ علاقوں کی بجلی بحال کردی ہے۔

نالہ لئی راولپنڈی میں بھی موسلا دھار بارش کے باعث طغیانی آگئی اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

پنجاب کے جڑواں شہروں 77 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی—فوٹو اے پی پی

واسا کے مطابق گوال منڈی میں نالہ لئی کی سطح 10 فٹ جب کہ کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 15.7 فٹ بلند ہوگئی ہے۔

ایم ڈی واسا نے بتایا کہ جاوید کالونی، جامع مسجد روڈ، آریہ محلہ میں واسا کی مشینری سے کام جاری ہے اور کمیٹی چوک انڈر پاس کو بھی پانی نکال کر کلیئر کر دیا گیا ہے۔

ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ پانی نکاس کا عمل جاری ہے، جلد شہریوں کی مشکلات ختم ہوجائیں گی۔

دوسری جانب مورگاہ میں بوسیدہ مکان کی چھت گر نے سے خاتون سمیت تین افراد پانی میں بہہ کر جاں بحق ہوگئے جب کہ ایک شخص کی تلاش جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی ڈویژن میں آج بھی تیز بارش کا امکان ہے جب کہ مری، منڈی بہاؤ الدین سمیت آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں